Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انڈیا کو ہرا کر انڈر 19 ایشیا کپ کا دوسری مرتبہ چیمپئن، ’اتوار کیسا رہا پڑوسیو؟‘

انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے انڈیا کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
اتوار کو آئی سی سی اکیڈمی دبئی میں پاکستان کے 348 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انڈیا کی ٹیم 27ویں اوور میں 156 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان دوسری مرتبہ انڈر 19 ایشیا کپ کا فاتح بنا ہے، اس سے قبل سنہ 2012 میں پاکستان اور انڈیا نے مشترکہ طور پر ٹائٹل جیتا تھا۔
پاکستان کے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں انڈیا کو شکست کے بعد کرکٹ فینز مختلف تبصروں اور آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔
قریباً 13 برس بعد پاکستان کے دوبارہ انڈر 19 ایشیا کپ چیمپئن بننے پر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین ٹیم کو سراہ رہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے ایکس پر لکھا ’ایشیا کپ انڈر 19 کی ٹرافی اپنی شاندار پاکستان انڈر 19 ٹیم کے حوالے کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے۔ بے خوف کرکٹ، بے مثال جذبہ اور یادگار کارکردگی۔‘
اجوا نامی ایکس اکاؤنٹ نے پوسٹ کیا کہ ’انڈیا کی وکٹیں ایسے گرتی رہیں جیسے آسمان سے لڑاکا طیارے گر رہے ہوں۔‘
حمزہ کلیم نے سابق کرکٹر اور پاکستان کی انڈر 19 ٹیم کے مینٹور سرفراز احمد کے انڈیا کے ساتھ فائنلز کی تفصیل شیئر کرتے ہوئے لکھا ’سنہ 2006 میں بطور کپتان انڈیا کے خلاف ورلڈ کپ جیتا، 2017 میں چیمپئنز ٹرافی اور 2025 میں انڈر 19 ایشیا کپ جتوایا۔‘ 
ولید حسین نے لکھا ’اتوار کیسا رہا پڑوسیو، کیا ہی زبردست فتح ہے، انڈیا تو صرف سمیر منہاس کے بنائے ہوئے 172 رنز تک بھی نہ پہنچ سکا۔‘
وحید بھٹی نے سمیر منہاس کے متعلق لکھا کہ ’اُمید ہے کہ انہیں آخر میں کھیلا کر تباہ نہیں کیا جائے گا۔‘
صارف جہانزیب نے پوسٹ کیا کہ ’پاکستان انڈر 19 نے ایشیا کپ 2025 میں انڈیا کو 191 رنز سے شکست دے دی۔ یہ نوجوان کھلاڑی پاکستان کے روشن مستقبل کی امید ہیں۔‘
مریم نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’2025 کا اختتام آغاز سے کئی زیادہ بہتر ہے۔‘
 

 

شیئر: