Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خواتین میں دل کی بیماری کی غیرمعمولی علامات کون سی ہیں؟

مسلسل تھکن جو آرام کے بعد بھی ختم نہ ہو، دل کی بیماری کی علامت ہو سکتی ہے (فوٹو: پیکسلز)
دل کی بیماری دنیا بھر میں موت کی بڑی وجہ ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق 2022 میں قلبی امراض سے تقریباً ایک کروڑ 98 لاکھ اموات ہوئیں، جو کل اموات کا 32 فیصد ہیں۔
عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ یہ بیماری مردوں کو زیادہ متاثر کرتی ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ امریکہ میں 6 کروڑ سے زائد خواتین کسی نہ کسی قسم کی دل کی بیماری میں مبتلا ہیں۔ یہ خواتین میں موت کی سب سے بڑی وجہ بھی ہے۔
خواتین میں علامات مردوں سے مختلف ہوتی ہیں، اس لیے انہیں پہچاننا ضروری ہے۔ یہاں 6 غیر معمولی علامات بیان کی جا رہی ہیں۔
1.    بلا وجہ تھکن
مسلسل تھکن جو آرام کے بعد بھی ختم نہ ہو، دل کی بیماری کی علامت ہو سکتی ہے۔ یہ دل کے پٹھوں میں خون کے بہاؤ میں کمی کی وجہ سے ہوتی ہے اور عام طور پر بڑے دل کے دورے سے پہلے ظاہر ہوتی ہے۔
2.    جبڑے یا گردن میں درد
جبڑے، گردن یا کندھوں میں درد کو اکثر دانتوں یا تناؤ کا مسئلہ سمجھا جاتا ہے، لیکن یہ دل پر دباؤ کی نشاندہی کر سکتا ہے۔ یہ درد عام طور پر دباؤ یا جسمانی مشقت کے دوران ظاہر ہوتا ہے۔
3.    سانس لینے میں دشواری
اچانک سانس پھولنا، خاص طور پر لیٹنے پر یا بغیر مشقت کے، دل کی ناکامی کی علامت ہے۔ یہ پھیپھڑوں میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے ہوتا ہے اور ای سی جی کروا کر فوری علاج ضروری ہے۔

اچانک ٹھنڈے پسینے آنا یا چکر آنا دل کی بیماری کی نشانی ہو سکتی ہے (فوٹو: پیکسلز)

4.    متلی یا بدہضمی
بار بار متلی، قے یا معدے کی خرابی دل کی بیماری سے جڑی ہو سکتی ہے۔ یہ دل کے کمزور پمپنگ سے خون کے بہاؤ میں کمی کی وجہ سے ہوتا ہے۔
5.    ہاتھوں یا ٹانگوں میں سوجن
ٹخنوں یا پیروں میں سوجن، جسے اوڈیما کہا جاتا ہے، دل کی کمزور پمپنگ سے پانی جمع ہونے کی علامت ہے۔ یہ دن کے آخر میں زیادہ نمایاں ہوتی ہے۔
6.    غیر معمولی پسینہ یا چکر آنا
اچانک ٹھنڈے پسینے آنا یا چکر آنا دل کی بیماری کی نشانی ہو سکتی ہے، کیونکہ خون کا دباؤ کم ہونے سے دماغ متاثر ہوتا ہے۔

 

شیئر: