Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

العلا کے فیول سٹیشنز: صحرا کے قدرتی مناظر سے متاثر جدید تعمیراتی شاہکار

یہ جدید ڈیزائن سلویٰ ثمر قندی نے تیار کیے جو ایس اے ایل آرکیٹیکٹ سے منسلک ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
العلا گورنریٹ کے فیول سٹیشن شہری منصوبہ بندی کے جدید انداز کو اجاگر کر رہے ہیں۔ ان کے تعمیراتی ڈیزائن خطے کے قدرتی مناظر اور صحرائی رنگوں سے متاثر ہیں جو عمارتوں کو ماحول کے ساتھ ہم آہنگ بناتے ہیں، شہری منظرنامے کو بہتر بناتے ہیں اور روایتی فیول سٹیشن کے تصور کو نئے انداز سے پیش کرتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ان ڈیزائن میں جدید مواد اور خطوط شامل کیے گئے ہیں جو العلا کی شناخت کی عکاسی کرتے ہیں۔ یہ جمالیاتی ہم آہنگی اور صارف کے تجربے کو بہتر بناتے ہیں جبکہ صحرائی منظرنامے کو محفوظ بھی رکھتے ہیں۔
یہ جدید ڈیزائن سلویٰ ثمر قندی نے تیار کیے جو ایس اے ایل آرکیٹیکٹ سے منسلک ہیں۔ انہوں نے العُلا کے ثقافتی ورثے سے متاثر ہو کر خوبصورتی اور فعالیت کے درمیان متوازن امتزاج قائم کیا۔
فیول سٹیشن کے ایک منصوبے کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی اور اسے ’ورلڈ آرکیٹیکچر ایوارڈ‘  سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز  ’ریئلائزڈ پروجیکٹس‘ کے زمرے میں بین الاقوامی ماہرِ تعمیرات پر مشتمل جیوری کے انتخاب کے بعد دیا گیا۔
یہ کاوشیں رائل کمیشن فار العلا (آر سی یو) کے اُس اقدام کا حصہ ہیں جس کا مقصد بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا اور قومی صلاحیتوں کی حمایت کرنا ہے۔ اس کا ہدف خدمات کے معیار کو بلند کرنا اور رہائشیوں اور سیاحوں کے مجموعی تجربے کو بہتر بنانا ہے۔

اس کے علاوہ آر سی یو نے العلا ڈیزائن سٹوڈیو قائم کیا تاکہ آرکیٹیکٹ اور مقامی کمیونٹی کی رہنمائی کی جا سکے اور ایسے ڈیزائن تخلیق کیے جائیں جو العلا کے قدرتی ماحول سے ہم آہنگ ہوں۔
یہ سٹوڈیو نئے منصوبوں اور بحالی کے کاموں کے لیے مشاورتی خدمات فراہم کرتا ہے اور اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ تمام منصوبے شہری منصوبہ بندی کے رہنما اصولوں اور پائیداری کے اصولوں کی پابندی کریں۔
یہ شراکتی طریقہ کار العلا کے تعمیراتی ورثے کے تحفظ کو یقینی بنانے کی کوشش کرتا ہے اور مقامی برادری کو بااختیار بناتا ہے تاکہ وہ ایسے ترقیاتی اختیارات کا انتخاب کر سکے جو خطے کی تاریخ کا احترام کریں اور حفاظت و پائیداری کے اعلیٰ معیارات کو برقرار رکھیں۔

شیئر: