پاکستان میں آج عیدالفطر مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے
پاکستان میں آج عیدالفطر مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے
ہفتہ 21 مارچ 2026 8:44
پاکستان سمیت آج انڈیا، بنگلہ دیش اور کئی ممالک میں عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔
پاکستان کے تمام بڑے شہروں اور قصبوں میں نمازِ عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں ملک کی ترقی و خوشحالی اور مسلم اُمہ کی فلاح کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
ملک بھر میں عیدالفطر کے موقع پر جامع حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
صدرآصف علی اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قوم کو عیدالفطر کے موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔
صدرِ مملکت نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن ہمیں اللہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور بندگی کے احساس کے ساتھ ایک نئی روحانی زندگی کا آغاز کرنے کا پیغام دیتا ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ آج کے دن ہمیں قومی یکجہتی، آئینی بالادستی اور قانون کی پاسداری کے عزم کی تجدید بھی کرنی چاہیے۔
صدر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے امت مسلمہ میں مزید اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ ایسے وقت میں جب دنیا غیر یقینی صورتحال اور عدم استحکام کا شکار ہے، ہمارا اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔
ملک میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں (فوٹو: سکرین گریب)
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ وہ عید الفطر کے بابرکت اور پر مسرت موقع پر پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ عید کی خوشیوں اور شکرگزاری کے اس موقع پر بھی ہمارے دل غزہ اور مشرق وسطیٰ میں تنازعات سے متاثرہ دیگر لوگوں کے لیے غمگین ہیں۔ ان کی تکلیف اس بات کی واضح یاد دہانی ہے کہ امت مسلمہ میں مزید اتحاد کی اشد ضرورت ہے تاکہ ہم مل کر انصاف، وقار اور پائیدار امن کو فروغ دے سکیں۔