سعودی عرب کی مسلح افواج نے سنیچر کی رات اور اتوار کو علی الصباح حملوں کی نئی لہر کو ناکام بنا دیا، مزید 16 ڈرونز مار گرائے جبکہ ریاض کی جانب فائر کیے جانے والے تین بیلسٹک میزائلوں کو روک لیا۔
ایس پی اے اور الاخباریہ کے مطابق ایران نے امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ اپنی جنگ کے درمیان خلیجی ریاستوں پر مسلسل حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وزارت دفاع کے ترجمان نے بتایا’ ریاض کی جانب داغے گئے ایک میزائل کو روک لیا گیا جبکہ دو غیر آباد علاقے میں گرے ہیں۔‘
سعودی وزارتِ دفاع کی جانب سے ایکس پر متعدد پوسٹس میں بتایا گیا کہ مملکت کے مشرقی صوبے پر سنیچر کی رات 16 ڈرون حملوں کو روکا گیا، جہاں اس کے بڑے تیل کے ذخائر اور ریفائنریاں واقع ہیں۔
جمعے سے اب تک مجموعی طور پر 100 سے زیادہ ڈرون گرائے جا چکے ہیں۔
وزارتِ دفاع کی رپورٹس پر مبنی اعداد و شمار مطابق، تازہ اعداد و شمار کے بعد 28 فروری سے اب تک سعودی عرب کو نشانہ بنانے والے ڈرون حملوں کی مجموعی تعداد کم از کم 600 ہو گئی ہے۔
ڈرونز کے علاوہ، اسی مدت کے دوران سعودی ایئر ڈیفینس نے 45 بیلسٹک میزائل اور سات کروز میزائل بھی مار گرائے جو مملکت کے خلاف جاری فضائی مہم کی مسلسل اور مختلف نوعیت کو ظاہر کرتا ہے۔