سعودی عرب نے درجنوں ڈرونز تباہ کر دیے، خلیجی ممالک پر ایرانی حملوں میں شدت
ڈرونز مشرقی صوبے میں گرائے گئے جہاں آئل ریفائنریز موجود ہیں (فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی عرب کی مسلح افواج نے سنیچر کی صبح کے ابتدائی چند گھنٹوں میں درجنوں ڈرون مار گرائے جبکہ ایران نے خلیجی ممالک کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں میں شدت پیدا کر دی۔ یہ حملے اس وقت بڑھ گئے جب اسی ہفتے اسرائیل نے ایران کے ساؤتھ پارس گیس فیلڈ پر بمباری کی تھی۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارتِ دفاع کی جانب سے ایکس پر کی گئی متعدد پوسٹس میں بتایا گیا کہ مملکت کے مشرقی صوبے پر 51 ڈرون حملوں کو روکا گیا، جہاں اس کے بڑے تیل کے ذخائر اور ریفائنریاں واقع ہیں۔ جمعہ سے اب تک مجموعی طور پر 92 ڈرون گرائے جا چکے ہیں۔
وزارتِ دفاع کی رپورٹس پر مبنی اعداد و شمار مطابق، تازہ اعداد و شمار کے بعد 28 فروری سے اب تک سعودی عرب کو نشانہ بنانے والے ڈرون حملوں کی مجموعی تعداد کم از کم 575 ہو گئی ہے۔
ڈرونز کے علاوہ، اسی مدت کے دوران سعودی ایئر ڈیفینس نے 42 بیلسٹک میزائل اور سات کروز میزائل بھی مار گرائے جو مملکت کے خلاف جاری فضائی مہم کی مسلسل اور مختلف نوعیت کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ حملے پورے خلیجی خطے تک پھیل گئے ہیں۔
کویت کی فوج نے کہا ہے کہ سنیچر کو اس کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے ایک میزائل اور ڈرون حملے کو ناکام بنایا۔
بحرین نے کہا ہے کہ ایرانی حملوں کے آغاز سے اب تک 143 میزائل اور 242 ڈرون تباہ کیے جا چکے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع کے مطابق اس کا ایئر دیفنس سسٹم اس وقت ایران کی جانب سے آنے والے میزائل اور ڈرون خطرات کا جواب دے رہا ہے اور جو آوازیں سنی گئیں وہ دراصل ان خطرات کو کامیابی سے مار گرانے کا نتیجہ تھیں۔
