شاہ عبدالعزیز تاریخی محل میں ثقافتی پروگرامز، شہریوں کی شرکت
قبہ مرکز میں شاہ عبدالعزیز محل اہم تاریخی مقام ہے (فوٹو: ایس پی اے)
امام ترکی بن عبداللہ ترقیاتی اتھارٹی نے ثقافتی کمیٹی کے تعاون سے قصیم ریجن میں مرکز ’قبہ‘ میں شاہ عبدالعزیز تاریخی محل کے دروازے عید الفطر پر وزیٹرز کے لیے کھولے گئے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق تاریخی محل کے دروازے سنیچر سے جمعے تک روزانہ سہ پہر تین بجے سے رات 10 بجے تک شہری جا سکتے ہیں۔ تاریخی محل ایک جامع ثقافتی تجربہ پیش کرتا ہے۔
مملکت کے تاریخی مقامات کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور لوگوں کو معلومات فراہم کرنے کے حوالے سے قصیم ریجن کی گورنریٹ نے ہیریٹج کمیشن کے تعاون سے پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں جن میں تاریخی اور ثقافتی ورثے سے روشناس کرایا جائے گا۔
اس میں روایتی رقص العرضہ کی پرفارمنس، مقامی خاندانوں کی روایتی دستکاری اور بچوں کے لیے مخصوص تعلیمی زون شامل ہیں۔ وزیٹرز کو علاقے کے ہنرمندوں کے بارے میں جاننے کا بھی موقع ملے گا۔
واضح رہے کہ قبہ مرکز میں شاہ عبدالعزیز محل اہم تاریخی مقام ہے جو سال ہجری 1351 میں شاہ عبدالعزیز کے حکم پر تعمیر کیا گیا تھا۔ یہ محل اس وقت ریجن کے لیے انتہائی اہم تھا، جہاں انتظامی اور امن عامہ کے امور انجام دیے جاتے تھے۔
یہ محل خالصتا نجدی روایتی طرز کے اصولوں پر تعمیر کیا گیا جس کے لیے چکنی مٹی اور علاقے میں دستیاب میٹریل استعمال ہوا۔
