مشہور ہیری پوٹر کہانی پر مبنی نئی ٹی وی سیریز کا ٹریلر نئی کاسٹ کے ساتھ جاری کر دیا گیا ہے، جب کہ سیریز کی نمائش کی تاریخ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق وارنر بروز ڈسکوری کی جانب سے جے کے رولنگ کی تخلیق پر مبنی نئی ہیری پوٹر سیریز کا پہلا آفیشل ٹیزر جاری کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
ہیری پوٹر کی فلم کا مکان برائے فروختNode ID: 38541
طویل کاسٹنگ عمل اور خفیہ انداز میں جاری تیاریوں کے بعد ہیری، رون اور ہرماینی ایک بار پھر ہاگ وارٹس کا رخ کر رہے ہیں۔ امریکی نشریاتی ادارے ایچ بی او نے بتایا ہے کہ یہ سیریز کرسمس 2026 کے موقع پر پیش کی جائے گی۔
سیریز کا پہلا حصہ ہیری پوٹر اور فلاسفرز سٹون پر مبنی ہے، جو برطانوی مصنفہ جے کے رولنگ کی سات کتابوں پر مشتمل کہانی کا پہلا باب ہے۔ اس پیشکش میں ہیری پوٹر، ہرماینی گرینجر اور رون ویزلی کو دکھایا گیا ہے، جو گیارہ سال کی عمر میں پہلی بار جادوئی سکول جانے والی ٹرین میں ایک دوسرے سے ملتے ہیں۔
ہیری کا کردار ڈومینک میک لافلن، ہرماینی کا کردار اریبیلا سٹینٹن اور رون کا کردار السٹیر سٹاؤٹ ادا کر رہے ہیں۔ ان اداکاروں کا انتخاب برطانیہ بھر میں نو سے گیارہ سال کے بچوں کے لیے کیے گئے آڈیشن کے بعد کیا گیا، اور منصوبہ ہے کہ یہ کردار کئی سیزنز تک وقت کے ساتھ ساتھ آگے بڑھیں گے۔
دو منٹ پر مشتمل یہ ٹریلر لندن میں ایک پریس تقریب کے دوران پیش کیا گیا، جس میں کہانی کے کئی یادگار مناظر کی جھلک دکھائی گئی ہے۔ ان میں ہیری کی پہلی ملاقات آدھے دیو قامت ہیگرڈ (نک فراسٹ) سے، جادوئی ٹوپی کے ذریعے ہاؤس کے انتخاب کا مرحلہ اور گری فنڈور کی ٹیم کے لیے اس کا پہلا کوئڈچ میچ شامل ہیں۔ یہ مناظر 2001 کی فلم کی یاد دلاتے ہیں جس کی ہدایت کاری کرس کولمبس نے کی تھی۔
سیریز میں دیگر اہم کرداروں میں جان لیتھگو بطور ہیڈ ماسٹر البس ڈمبلڈور، جینیٹ مکٹیر بطور پروفیسر منروا میکگونگل اور پاپا ایسییدو بطور پروفیسر سیورس سنیپ شامل ہیں۔
سیریز کی نگرانی بطور شو رنر فرانچسکا گارڈنر کر رہی ہیں جبکہ متعدد اقساط کی ہدایت کاری مارک مائلوڈ کے سپرد ہے۔
رپورٹس کے مطابق سیریز کا یہ منصوبہ انگلینڈ کے لیوزڈن سٹوڈیوز میں گزشتہ سال جولائی سے خفیہ طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔
سیریز میں ہیری پوٹر کا کردار ادا کرنے والے ڈینیئل ریڈکلف نے کہا ہے کہ نئے اداکار ڈومینک میک لافلن اس کردار کے لیے ان سے بہتر ثابت ہو سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ خود یہ کردار ادا کرتے ہوئے وقت کے ساتھ سیکھتے رہے اور اب پیچھے مڑ کر دیکھتے ہیں تو اپنی کارکردگی کو بہتر انداز میں سمجھتے ہیں۔
تاہم اس نئی سیریز کو تنقید کا سامنا بھی ہے، خاص طور پر پاپا ایسییدو کو سیورس سنیپ کے کردار میں کاسٹ کرنے پر، جو ماضی میں ایلن رک مین نے ادا کیا تھا۔ اداکار کے مطابق انہیں اس کردار پر سوشل میڈیا پر جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔












