Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 11: حسن علی کی عمدہ بولنگ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 14 رنز سے شکست

معین علی کو ان کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11 ویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 14 رنز سے شکست دے دی۔
جمعے کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم اوپنرز کی عمدہ بیٹنگ کے باوجود 182 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز ہی بنا پائی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شامل حسین نے 52 اور سعود شکیل نے 33 رنز بنائے، جبکہ کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں اپنے نام کیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
کراچی کنگز نے معین علی کے 48 ناٹ آؤٹ اور ڈیوڈ وارنر کے 35 رنز کی بدولت 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے احمد دانیال نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
معین علی کو میچ میں ان کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔
سنیچر کو پی ایس ایل 11 کا تیسرا میچ دوپہر کو پشاور زلمی اور راولپنڈی پنڈیز کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا میچ شام کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان ہو گا۔

 

شیئر: