Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 11: لاہور قلندرز کی عمدہ کارکردگی، حیدرآباد گنگزمین کو 69 رنز سے شکست

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11 ویں ایڈیشن کے پہلے میچ میں لاہور قلندرز نے حیدرآباد گنگزمین کو 69 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔
جمعرات کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل میں شامل ہونے والی نئی ٹیم حیدرآباد گنگزمین 200 رنز کے تعاقب میں 20 ویں اوور میں 130 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ کپتان مارنس لبھوشین نے 26 رنز بنائے جبکہ رائلی میریڈتھ 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پی ایس ایل کے اس ایڈیشن کے لیے مہنگے داموں حیدرآباد کا حصہ بننے والے صائم ایوب کی ناکامیوں کا سلسلہ اس میچ میں بھی نظر آیا۔ انہوں نے صرف 17 رنز بنائے۔
قلندرز کی جانب سے حارث رؤف، سکندر رضا اور عبید شاہ نے عمدہ بولنگ کی۔ تینوں نے دو دو شکار کیے۔
لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو درست ثابت ہوا۔ فخر زمان کے 53 رنز، حسیب اللہ خان کے 40 رنز اور سکندر رضا کے 10 گیندوں پر 24 رنز کی بدولت قلندرز مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز کا عمدہ سکور بنانے میں کامیاب رہے۔
حیدرآباد گنگزمین کی جانب سے حسن خان اور رائلی میریڈتھ نے دو دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان نے 53 رنز بنائے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

فخر زمان کو ان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔
ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ کل جمعے کو شام 7 بجے کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈیٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل کا یہ ایڈیشن تماشائیوں کے بغیر کھیلا جا رہا ہے۔

شیئر: