چھ برس کے بعد پی آئی اے کی اسلام آباد سے لندن پروازیں بحال
اتوار 29 مارچ 2026 14:28
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پی آئی اے کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن 30 مارچ سے لاہور سے لندن کے لیے بھی ہفتہ وار پرواز کا آغاز کرے گی (فوٹو: اے ایف پی)
چھ سال کے طویل وقفے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے لندن کے لیے اپنی پروازیں بحال کر دی ہیں، جسے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی روابط میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی پرواز ’پی کے 785‘ کے ذریعے 325 مسافر اسلام آباد سے لندن روانہ ہوئے۔
اس موقع پر سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پرواز کو الوداع کیا۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر پرواز کی روانگی سے قبل ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں پی آئی اے کنسورشیم کے چیئرمین عارف حبیب اور ہوابازی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران کیک کاٹا گیا جبکہ قرعہ اندازی کے ذریعے ایک خوش نصیب مسافر کے لیے 660 سی سی گاڑی بھی نکالی گئی۔ دیگر مسافروں میں بھی تحائف تقسیم کیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری دفاع نے کہا کہ ’اس پرواز کی بحالی دونوں ممالک اور عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گی۔‘
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پی آئی اے کو لندن آپریشن کی بحالی پر مبارکباد بھی پیش کی۔
پی آئی اے حکام کے مطابق ادارہ برطانیہ میں مقیم 16 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو براہ راست سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ تقریب کے اختتام پر مہمانانِ گرامی کو پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی جانب سے یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن 30 مارچ سے لاہور سے لندن کے لیے بھی ہفتہ وار پرواز کا آغاز کرے گی۔ ابتدائی طور پر پاکستان اور لندن کے درمیان چار ہفتہ وار پروازیں چلائی جائیں گی، جن میں سے تین اسلام آباد اور ایک لاہور سے چلائی جائیں گی۔
واضح رہے کہ لندن پی آئی اے کی پہلی بین الاقوامی منزل تھی اور اس روٹ کے ساتھ قومی ایئرلائن کا 71 سال پرانا تعلق قائم ہے۔
