شارلٹ ٹلبری کی نئی مہم، عراقی سوشل میڈیا سٹار یسر الخالدی مشرقِ وسطیٰ کی برینڈ ایمبسڈر مقرر
پیر 30 مارچ 2026 19:26
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ئی مہم ’پِلو ٹاک اِن بلوم‘ کے نام سے جاری کی گئی ہے (فوٹو: انسٹاگرم)
برطانوی بیوٹی برانڈ شارلٹ ٹلبری نے اپنی نئی مہم کے لیے عراقی سوشل میڈیا سٹار یُسر الخالدی (آسو) کو مشرقِ وسطیٰ کا برینڈ ایمبسڈر مقرر کر دیا ہے۔
یہ نئی مہم ’پِلو ٹاک اِن بلوم‘ کے نام سے جاری کی گئی ہے، جس میں برانڈ کی مقبول ’پِلو ٹاک‘ رینج کی نئی مصنوعات متعارف کروائی گئی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق اس مہم میں یسر الخالدی کے ساتھ برطانوی اداکارہ سینا ملر، بیلا ٹلبری اور ماڈل کالم ہارپر بھی شامل ہیں۔
یسر الخالدی اس سے پہلے بھی کئی بڑے برینڈز کے ساتھ کام کر چکی ہیں، جن میں ’ریمل لندن‘ اور ’لوریئل پیرس‘ شامل ہیں۔ ان کا کانٹینٹ زیادہ تر میک اپ ٹیوٹوریلز، اینیمے اور مانگا کے کرداروں کی کاس پلے، اور بیرونِ ملک سفر کی جھلکیاں دکھانے پر مشتمل ہوتا ہے۔ انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد تقریباً 50 لاکھ ہے۔
نئی مہم میں وہ ’پِلو ٹاک بلش بام لپ ٹنٹ‘ اور محدود ایڈیشن ’پِلو ٹاک بیوٹی سول میٹس پیلیٹ‘ کے ساتھ نظر آتی ہیں، جہاں پس منظر میں خوبصورت جنگلی پھول دکھائے گئے ہیں۔ اس لپ ٹنٹ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ایک خاص ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، جو ہر صارف کے لیے مختلف رنگ پیدا کرتی ہے۔
یسر الخالدی کا کہنا ہے کہ ’اس مہم کی شوٹنگ ایک خواب جیسی تھی، جہاں قدرتی ماحول، تخلیقی کام اور دوستانہ ٹیم نے اسے خاص بنا دیا۔‘
ان کے مطابق ’اس مہم میں نسوانیت کو بہت خوبصورت اور حقیقی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔‘
یہ پہلی بار نہیں کہ یہ برینڈ عرب ماڈلز کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ سنہ2024 میں برینڈ نے سپر ماڈل بیلا حدید کے ساتھ معاہدہ ختم کرنے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ فیصلہ ان کے ذاتی خیالات کی وجہ سے نہیں بلکہ ان کے اپنے بیوٹی برانڈ ’اوریبیلا‘ کے آغاز کی وجہ سے کیا گیا۔
اسی سال لبنانی آسٹریلوی ماڈل جیسیکا کہوَاتی بھی برینڈ کی ایک ڈیجیٹل مہم میں نظر آئیں، جہاں انہوں نے ’لو فریکوئنسی‘ نامی پرفیوم کی تشہیر کی۔ یہ خوشبو مردوں اور خواتین دونوں کے لیے بنائی گئی ہے، جس میں گلاب، زعفران، مسک اور دیگر خوشبودار اجزاء شامل ہیں۔
