Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوگل جی میل کی نئی اپڈیٹ، صارفین اب اپنے من پسند نام رکھ سکیں گے

اس سے قبل جی میل صارفین کو نیا ای میل ایڈریس بنانے کے لیے نیا اکاؤنٹ کھولنا پڑتا تھا (فائل فوٹو: پکسابے)
کیا آپ کو یہ ([email protected]) جیسا ای میل ایڈریس کبھی مزاحیہ لگتا تھا لیکن اب جب آپ ملازمتوں کے لیے درخواستیں دے رہے ہیں تو غیر سنجیدہ محسوس ہوتا ہے؟
برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکہ میں صارفین کو اپنے گوگل اکاؤنٹ کے یوزر نیم یعنی ایٹ دا ریٹ جی میل ڈات کام والے حصے کو تبدیل کرنے کی اجازت دے رہا ہے، وہ بھی بغیر اکاؤنٹ یا ڈیٹا کھوئے۔
تاہم کمپنی نے واضح کیا ہے کہ صارفین سال میں صرف ایک بار اپنا نام تبدیل کر سکیں گے۔
گوگل کی جانب سے دی گئی ایک مثال میں ایک پرانی ای میل کو تبدیل کر کے زیادہ سنجیدہ بنایا گیا ہے۔
گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے کہا کہ ’اب صارفین اپنا ای میل ایڈریس تبدیل کرتے وقت اپنی ان باکس تک رسائی سے محروم نہیں ہوں گے۔‘
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’سنہ 2004 ایک اچھا سال تھا، لیکن آپ کا جی میل ایڈریس ضروری نہیں کہ اسی میں پھنسا رہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ صارفین اب پرانے اور غیر رسمی ای میل ایڈریس کو الوداع کہہ سکتے ہیں اور اکاؤنٹ سیٹنگز میں جا کر زیادہ پیشہ ورانہ ایڈریس اپنا سکتے ہیں۔‘
اس سے قبل جی میل صارفین کو نیا ای میل ایڈریس بنانے کے لیے نیا اکاؤنٹ کھولنا پڑتا تھا۔ لیکن نئی سہولت کے تحت صارفین اپنی تمام ای میلز، ڈیٹا اور مستقبل کی میلز نئے ایڈریس پر منتقل کر سکیں گے، جبکہ پرانا ایڈریس بھی فعال رہے گا۔ دونوں ایڈریسز پر ای میلز موصول ہوتی رہیں گی اور پرانا ڈیٹا، جیسے تصاویر، بھی محفوظ رہے گا۔
گوگل نے ابھی یہ واضح نہیں کیا کہ ’آیا یہ فیچر عالمی سطح پر بھی متعارف کرایا جائے گا یا نہیں، کیونکہ فی الحال یہ صرف امریکی صارفین کے لیے دستیاب ہے۔‘
جو صارفین اپنا ای میل ایڈریس تبدیل کرنا چاہتے ہیں، وہ اپنی ای میل سیٹنگز میں جا کر ’پرسنل انفو‘ پر کلک کریں، پھر ’ای میل‘ اور اس کے بعد ’گوگل اکاؤنٹ ای میل‘ میں جا کر ’چینج گوگل اکاؤنٹ ای میل‘ کا آپشن منتخب کریں، جہاں وہ اپنا نیا یوزر نیم سیٹ کر سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ ابتدا میں ای میل ایڈریس کا استعمال محدود تھا، مگر اب یہ روزمرہ آن لائن سرگرمیوں، جیسے سٹریمنگ پلیٹ فارمز میں لاگ اِن اور ملازمت کے لیے درخواستوں میں، ایک اہم شناخت بن چکا ہے۔

شیئر: