Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی امارات کے مالیاتی ڈیپازٹس سے متعلق گمراہ کن تبصروں کی تردید، مضبوط شراکت داری کا اعادہ

ترجمان کے مطابق پاکستان اور امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی جانب سے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں رکھے گئے مالیاتی ڈپازٹس سے متعلق حالیہ ’گمراہ کن‘ اور ’بے بنیاد تبصروں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
سنیچر کو پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ڈیپازٹس دوطرفہ تجارتی معاہدوں کے تحت رکھے گئے تھے، جو پاکستان کی معاشی استحکام اور خوشحالی کے لیے یو اے ای کی مضبوط حمایت کا مظہر ہیں۔
’باہمی طور پر طے شدہ شرائط کے مطابق حکومتِ پاکستان اب سٹیٹ بینک کے ذریعے ان میچور ہونے والے ڈیپازٹس کو یو اے ای کو واپس کر رہی ہے۔ یہ ایک معمول کی مالیاتی کارروائی ہے، اور اسے کسی اور انداز میں پیش کرنا غلط اور گمراہ کن ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اور امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جو اعتماد اور تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں سٹریٹجک تعاون پر مبنی ہیں۔
’یہ تعلق وقت کی آزمائش پر پورا اترا ہے اور ہر گزرتے سال کے ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے۔ پاکستانی عوام متحدہ عرب امارات کے بانی، مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کے پاکستان کے ساتھ گہرے تعلقات اور خصوصی محبت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایک مشترکہ خوشحال مستقبل کے لیے اس مضبوط اور دیرپا تعلق کو مزید فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔

شیئر: