خلیج میں اسرائیل سے منسلک جہاز کو نشانہ بنایا ہے: پاسدارانِ انقلاب
ویب سائٹ ’میرین ٹریفک‘ کے مطابق لائبیریا کے پرچم والا یہ جہاز جمعے کی رات تک بحرین کی بندرگاہ پر لنگر انداز تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ انہوں نے خلیج میں اسرائیل سے منسلک ایک جہاز کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو اپنی ویب سائٹ سپاہ نیوز پر پاسدارانِ انقلاب نے بتایا کہ انہوں نے ایک تجارتی جہاز ایم ایس سی ایشیکا کو نشانہ بنایا، جو ’اسرائیلی حکومت کی ملکیت ہے اور کسی تیسرے ملک کا پرچم لہرا رہا ہے‘، اور یہ حملہ بحرین کی خلیفہ بن سلمان بندرگاہ پر کیا گیا۔
اس سے قبل پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں کہا تھا کہ جہاز کو ’آبنائے ہرمز میں‘ نشانہ بنایا گیا۔
بیان کے مطابق ’ایک ڈرون نے آبنائے ہرمز میں صہیونی حکومت سے منسلک جہاز کو نشانہ بنایا جس کے باعث اس میں آگ لگ گئی۔‘
ویب سائٹ ’میرین ٹریفک‘ کے مطابق لائبیریا کے پرچم والا یہ جہاز جمعے کی رات تک بحرین کی بندرگاہ پر لنگر انداز تھا۔
