Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 11: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست، پشاور زلمی نے 118 رنز سے میدان مار لیا

بابر اعظم نے 52 گیندوں پر چھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے سینچری سکور کی (فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 29ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 118 رنز سے شکست دے دی ہے۔ جو پی ایس ایل کی تاریخ کا تیسرا بڑا مجموعہ ہے۔
اتوار کو کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں 256 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 19ویں اوور میں 137 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کارکردگی مایوس کن رہی اور اس کے چھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے۔
اس سے قبل پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے تھے جو پی ایس ایل کی تاریخ کا تیسرا بڑا سکور تھا۔
پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 100 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
انہوں نے 52 گیندوں پر یہ سنگِ میل حاصل کیا، جس میں چھ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ بابر اعظم کی یہ پی ایس ایل کی 12ویں سینچری تھی۔
ان کے علاوہ کوشل مینڈس نے 83 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کے بڑے سکور میں اہم کردار ادا کیا۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز

256 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم 18.1 اوورز میں 137 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
آغاز میں شامل حسین نے 21 رنز بنائے، جبکہ کپتان سعود شکیل 12 رنز کے ساتھ نمایاں نہ رہ سکے۔ ریلی روسو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جس سے ٹیم دباؤ کا شکار ہو گئی۔
حسن نواز بھی صرف پانچ رنز بنا سکے، جبکہ دنیش چندیمل نے 19 رنز کی مختصر مگر تیز اننگز کھیلی۔ بیون جیکبز نے 34 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت دکھائی، تاہم وہ ٹیم کو مشکل سے نہ نکال سکے۔
جہانداد خان تین اور ثاقب خان چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آخر میں الزاری جوزف نے 19 رنز کے ساتھ کچھ ہاتھ دکھایا، لیکن وہ بھی ٹیم کو ہدف کے قریب نہ لے جا سکے۔ ابرار احمد نے ایک جبکہ عثمان طارق نے سات رنز سکور کیے۔
پشاور زلمی کی جانب سے محمد باسط اور علی رضا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ایرون ہارڈی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مائیکل بریسویل اور سفیان مقیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم بڑے ہدف کے دباؤ میں سنبھل نہ سکی اور ایک طرفہ مقابلے کے بعد شکست سے دوچار ہوگئی۔

پشاور زلمی کی اننگز

پشاور زلمی نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے بڑا مجموعہ ترتیب دیا، جہاں کپتان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ اور دلکش بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 52 گیندوں پر چھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے سینچری سکور کی۔
ان کے علاوہ کوشل مینڈس نے بھی عمدہ ساتھ دیا اور 83 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔
دیگر بیٹرز نے بھی مختصر مگر مفید اننگز کھیلیں، جس کی بدولت ٹیم 255 رنز جیسے بڑے سکور تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بولنگ لائن زیادہ مؤثر ثابت نہ ہو سکی اور صرف تین وکٹیں ہی حاصل کر پائی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عثمان طارق، ابرار احمد اور جوزف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

شیئر: