Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی سفیر نیتلی بیکر کی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے ملاقات، سکیورٹی انتظامات پر تبادلۂ خیال

اسلام آباد میں ایران امریکہ مذاکرات کے ممکنہ دوسرے راؤنڈ سے قبل امریکی سفیر نیتلی بیکر نے وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی ہے جس میں اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے لیے کیے گئے سکیورٹی انتظامات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پیر کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان آنے والے تمام مہمانوں کے لیے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ریڈ زورن مکمل طور پر سیل
اسلام آباد میں ایران امریکہ مذاکرات کے ممکنہ دوسرے راؤنڈ کے پیشِ نظر سخت ترین سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
مذاکرات کے ممکنہ مقام، یعنی ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے جبکہ شہر کی متعدد اہم شاہراہیں بھی مختلف اوقات میں عام ٹریفک کے لیے بند رہیں گی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ریڈ زون کو عام ٹریفک اور غیر متعلقہ افراد کے لیے مکمل طور پر بند رکھا گیا ہے، جبکہ توسیعی ریڈ زون میں بھی عام ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
آج اسلام آباد میں مجموعی طور پر  قریباً 10 ہزار سکیورٹی اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں جن میں رینجرز، پولیس اور پاک فوج کے دستے شامل ہیں۔ شہر کے تمام ناکوں پر گاڑیوں کی سخت چیکنگ جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے ریڈ زون میں قائم سرکاری و نجی دفاتر کے ملازمین کے لیے ورک فرام ہوم کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جبکہ توسیعی ریڈ زون میں موجود تعلیمی اداروں کو بھی آن لائن کلاسز منعقد کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اسلام آباد میں مختلف روڈز کو بند کیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

دوسری جانب اسلام آباد ٹریفک پولیس نے آئندہ چند روز کے لیے متبادل ٹریفک پلان جاری کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون مکمل طور پر بند رہیں گے جبکہ ایکسپریس وے کورال چوک سے زیرو پوائنٹ تک ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔
اسی طرح سری نگر ہائی وے پر بھی مختلف اوقات میں ٹریفک کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کی جا سکتی ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق زیرو پوائنٹ سے کورال چوک تک روٹ بند ہونے کی صورت میں شہری سری نگر ہائی وے سے نائنتھ ایونیو، سٹیڈیم روڈ، مری روڈ، چاندنی چوک اور راول روڈ کے ذریعے کورال تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
پولیس کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ پارک روڈ سے کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں ٹریفک کو ترامڑی چوک کی جانب موڑ دیا جائے گا، اور بہارہ کہو سے راولپنڈی آنے اور جانے والے شہری کورنگ روڈ، بنی گالہ اور لہتراڑ روڈ استعمال کر سکیں گے۔
اسی طرح صدر سے اسلام آباد کی جانب آنے والے شہری کرنل شیر خان ایونیو سمیت متبادل شاہراہیں استعمال کر سکیں گے۔
’ہیوی ٹرانسپورٹ کے مالکان اسلام آباد کی جانب سفر سے گریز کریں‘
پولیس نے کہا ہے کہ ہیوی ٹرانسپورٹ کے مالکان مشکلات سے بچنے کے لیے اسلام آباد کی جانب سفر سے گریز کریں، جبکہ شہری سڑکوں کی بندش کی صورت میں جاری کردہ متبادل ٹریفک پلان پر عمل کریں
ضلعی انتظامیہ اس سے قبل اسلام آباد میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک اور نجی و سرکاری پبلک ٹرانسپورٹ بند کرنے کا اعلان بھی کر چکی ہے جس کے تحت شہر میں چلنے والی تمام پبلک ٹرانسپورٹ، بشمول میٹرو بس سروس، گزشتہ روز سے معطل ہے۔

آج اسلام آباد میں مجموعی طور پر  قریباً 10 ہزار سکیورٹی اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

’راولپنڈی میں بھی آج سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات‘
 اسلام آباد کے علاوہ راولپنڈی میں بھی آج سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے گئے ہیں، اور اہم مقامات و داخلی راستوں پر نگرانی مزید بڑھا دی گئی ہے۔
راولپنڈی میں میٹرو بس سروس معطل ہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں کو خالی کرا لیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ آئندہ احکامات تک شہری حدود میں داخل نہ ہوں۔
غیر ملکی وفود کی آمد کے تناظر میں نور خان ایئر بیس کے اطراف سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور  ایئر بیس کی جانب جانے والے راستوں پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
راولپنڈی شہر کی متعدد شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہیں، جبکہ بعض اہم سڑکوں پر مختلف اوقات میں ٹریفک ڈائیورژن نافذ کیا جائے گا۔

شیئر: