اسحاق ڈار کا ایرانی وزیرِ خارجہ سے رابطہ، زیرِ التوا امور کے حل کے لیے جلد از جلد مسلسل مکالمے اور رابطے پر زور
پاکستان کے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے۔
پیر کو پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایرانی ہم منصب کے ساتھ گفتگو میں اسحاق ڈار نے تمام زیرِ التوا امور کے حل کے لیے جلد از جلد مسلسل مکالمے اور رابطے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
خیال رہے پاکستان میں ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے دورسے دور کے لیے امریکی وفد پاکستان پہنچ رہا ہے۔ گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ ان کے نمائندگان ایران سے مذاکرات کے لیے اسلام آباد جا رہے ہیں اور ہو پیر کی رات کو اسلام آباد پہنچیں گے۔
گذشتہ روز پاکستان کے وزیراعظم اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا۔
وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق ’تقریباً 45منٹ جاری رہنے والی اس خوشگوار اور دوستانہ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔‘
وزیراعظم نے صدر پزشکیان اور ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے 11 اور 12 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں مذاکرات کے لیے ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھیجا، جس کی قیادت سپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کی۔
