مشرق وسطیٰ ’نازک دوراہے‘ پر کھڑا ہے، صدر ٹرمپ کی جنگ بندی میں توسیع کے بعد چین کا انتباہ
صدر ٹرمپ نے پاکستان کی درخواست پر ایران کے ساتھ جنگ بندی میں غیر معینہ مدت تک کے لیے توسیع کا اعلان کیا (فوٹو: اے۷ ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی میں توسیع کے بعد چین نے خبردار کیا کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال ایک ’نازک موڑ‘ پر ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی میں توسیع کی تاکہ ایران کو مذاکرات کے لیے مزید وقت دیا جا سکے۔ ٹرمپ نے منگل کے روز دو ہفتوں کی جنگ بندی کے خاتمے کو غیر معینہ مدت تک مؤخر کر دیا، جبکہ تہران نے ابھی تک جواب نہیں دیا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ایران کی بندرگاہوں پر امریکی ناکہ بندی جاری رہے گی۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیاکن نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ ’موجودہ علاقائی صورتحال جنگ اور امن کے درمیان ایک نازک موڑ پر کھڑی ہے۔ سب سے اہم ترجیح یہ ہے کہ ہر ممکن کوشش کی جائے تاکہ جنگ دوبارہ شروع نہ ہو۔‘
انہوں نے جنگ بندی پر براہِ راست تبصرہ نہیں کیا، صرف یہ کہا کہ بیجنگ ایک ’تعمیری‘ کردار ادا کرتا رہے گا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان کی درخواست پر ایران کے ساتھ جنگ بندی میں غیر معینہ مدت تک کے لیے توسیع کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت تک حملے روک رہے ہیں، جب تک کہ ایرانی رہنما اور نمائندے ایک متفقہ تجویز سامنے نہیں لاتے۔
منگل کی رات گئے صدر ٹرمپ کی جانب سے یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے صورتحال غیر یقینی نظر آرہی تھی اور دو ہفتے کی جنگ بندی بدھ کی صبح ختم ہونے والی تھی۔
