Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں ترنول پھاٹک کو ’آبنائے ہرمز‘ کہنے پر شہری گرفتار، مقدمہ درج

شہری ایک طرف سفری مشکلات پر سوشل میڈیا پر تنقید کر رہے ہیں مختلف ’میمز‘ بھی شیئر کر رہے ہیں (فائل فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے ترنول ریلوے پھاٹک کو ’آبنائے ہرمز‘ سے تشبیہ دے کر اسے بند کرنے کی تجویز پر مبنی سوشل میڈیا پوسٹ شیئر کرنے والے شہری کو گرفتار کر لیا ہے۔
شہری کے خلاف تھانہ ترنول میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور اشتعال انگیزی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
واقعے کی تفصیلات کے مطابق تھانہ ترنول کی حدود میں سپیشل چیکنگ اور جانچ پڑتال کے دوران سب انسپکٹر نے سوشل میڈیا پر ایک تحریر دیکھی۔ مذکورہ پوسٹ میں شہری خرم نذیر نے لکھا تھا کہ ’ترنول پھاٹک بھی ’آبنائے ہرمز‘ سے کم نہیں، اگر اسے بند کر دیا جائے تو ہمارے تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔‘
اس پوسٹ کے سامنے آتے ہی اے ایس آئی ظفر عباس نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف ذرائع سے خبر کی تصدیق کی جس سے معلوم ہوا کہ یہ پوسٹ ڈھوک پراچہ کے رہائشی خرم نذیر نے ہی اپ لوڈ کی ہے۔
پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر میں موقف اپنایا گیا ہے کہ موجودہ سکیورٹی حالات کے پیش نظر ایسی کسی بھی تشہیر یا اشتعال انگیز مواد کی اشاعت دفعہ 144 کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔
پولیس نے کارروائی کے دوران شہری خرم نظیر کا موبائل فون قبضے میں لے کر مذکورہ پوسٹ کی باقاعدہ تصدیق کی جس کے بعد مجاز اتھارٹی کے احکامات کی خلاف ورزی اور عوام کو ترنول پھاٹک بند کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کے الزام میں متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی۔
پولیس کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر یں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 (سرکاری حکم کی خلاف ورزی)، دفعہ 341 (ناجائز راستہ روکنا) اور دفعہ 511 (جرم کرنے کی کوشش) شامل کی گئی ہیں۔
واقعے کی مزید تفصیلات کے لیے متعلقہ پولیس افسران اور ترجمان اسلام آباد پولیس سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم وہاں سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
یاد رہے کہ اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے ممکنہ مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کے پیش نظر مسلسل پانچویں روز بھی سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات ہیں اور مختلف شاہراہیں بند ہیں۔
 اس تناظر میں شہری ایک طرف سفری مشکلات پر سوشل میڈیا پر تنقید کر رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب مختلف ’میمز‘ بھی شیئر کیے جا رہے ہیں۔ تاہم، ایسی ہی ایک پوسٹ پر شہری کی گرفتاری نے سوشل میڈیا صارفین میں تشویش پیدا کر دی ہے۔

شیئر: