کویت کا دو ماہ کی بندش کے بعد اپنی فضائی حدود دوبارہ کھولنے کا اعلان
ایرانی حملوں کی وجہ سے کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ تقریباً دو ماہ تک بند رہا (فوٹو: اے ایف پی)
کویت نے دو ماہ کی بندش کے بعد کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے اپنی فضائی حدود کو کھول دیا ہے کیونکہ امریکہ و اسرائیل کی ایران کے ساتھ جنگ بندی برقرار رہتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔
28 فروری کو ایران پر امریکہ و اسرائیل کے ساتھ ہی خلیجی ممالک بھی ایرانی حملوں کی لپیٹ میں آ گئے تھے اور اس وقت کویت بھی ان ممالک میں شامل تھا جنہوں نے فضائی حدود بند کر دی تھی، جس کا سلسلہ تقریباً دو ماہ تک جاری رہا۔
عرب نیوز کے مطابق یہ اعلان جمعرات کی رات کیا گیا۔
کویت کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ شیخ حمود مبارک الحمود الصباح کا کہنا ہے کہ ’فضائی حدود کا دوبارہ کھولا جانا آنے والے دنوں میں ہوائی اڈے پر مکمل آپریشن کی تیاری اور ہوائی ٹریفک کو بتدریج شروع ہونے والے مرحلہ وار منصوبے کا حصہ ہے۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران کے حملوں کی وجہ سے ایئرپورٹ پر کچھ تنصیبات کو نقصان پہنچا تھا، اس بارے میں جائزہ مکمل کر لیا گیا ہے اور تکنیکی ٹیموں نے آلات اور بنیادی ڈھانچے کی دیکھ بھال و مرمت کے کا کا شروع کر دیا ہے۔
شیخ حمود مبارک الحمود الصباح نے مزید کہا کہ ابتدائی مرحلے میں کچھ مخصوص سٹیشنز شامل ہوں گے، جن کو ایئرپورٹ کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ترجیح دی گئی تھی اس سلسلے کو بعدازاں مزید آگے بڑھایا جائے گا۔
ہوائی اڈے کے دوبارہ کھنے پر کویت ایئرویز نے اتوار 26 اپریل سے 17 مقامات کے لیے سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جن میں لندن، استنبول، لاہور، ڈھاکہ، ممبئی، دہلی، منیلا، قاہرہ، ریاض، جدہ، کولمبو، گوانگزو، بیروت اور دمشق شامل ہیں۔
ایئرپورٹ کے ٹرمینل فور سے کچھ روٹس سے ہفتے میں چار استعمال ہو گا جبکہ باقیوں پر فلائٹس کی تعداد اس سے کم ہو گی، قاہرہ کے پروازیں دن میں ایک بار چلائی جائیں گی۔
کم خرچ جزیرہ ایئرویز نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ نو مقامات کے لیے ٹرمینل فائیو سے جانے والی پروازوں کا سلسلہ اتوار سے شروع کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق عمان، بیرون، دمشق، دبئی، استنبول، ممبئی، کوچی اور نئی دہلی کے لیے سروسز دوبارہ شروع ہونے اور آپریشن کے مکمل طور پر پوری صلاحیت پر آنے کے بعد دیگر مقامات کی طرف پروازوں کا سلسلہ بھی بڑھایا جائے گا۔
