عالمی منڈی میں کمی کے بعد حکومت کا پاکستان میں بھی ڈیزل کی قیمت کم کرنے کا اعلان
شہباز شریف نے ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 32 روپے 12 پیسے کمی کی منظوری دی (فائل فوٹو: اے پی پی)
وزیرِاعظم شہباز شریف نے ڈیزل کی قیمت میں کمی کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے جمعے کو ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 32 روپے 12 پیسے کمی کی منظوری دی ہے۔
اس طرح ڈیزل کی قیمت 385 روپے 54 پیسے سے کم ہو کر 353 روپے 43 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
تاہم حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 366 روپے 58 پیسے پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’جس قدر جلدی ممکن ہوا، تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک پہنچائیں گے۔‘
جمعے کو ایران کی جانب سے آبنائے ہُرمز کو تجارتی جہازوں کے لیے مکمل طور پر کھولنے کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔
اس پیش رفت کے بعد دیکھا گیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت فوری طور پر 10 ڈالر فی بیرل کم ہو گئی۔
