اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں پانچ اعشاریہ سات شدت کا زلزلہ
زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ سات بتائی گئی ہے (فوٹو: پکسابے)
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے متعدد علاقوں میں زلزلہ آیا ہے جبکہ خطہ پوٹھوہار کے بعض علاقوں میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق پیر کو دن 11 بج کر 45 منٹ کے قریب اسلام آباد، راولپنڈی، گوجر خان اور ٹیکسلا کے علاوہ دوسرے مقامات پر زلزلہ آیا جبکہ خیبر پختونخوا میں پشاور، مردان، چارسدہ، سوات، بونیر، چترال، نوشہرہ اور صوابی میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے۔
مرکز کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ سات تھی اور اس کا مرکز تاجکستان اور افغانستان کا سرحدی علاقہ تھا اور زمین میں گہرائی 170 کلومیٹر تک تھی۔
زلزلے کا سلسلہ چند سیکنڈ برقرار رہا جس میں تیز جھٹکوں کا دورانیہ بہت کم تھا جبکہ معمولی آفٹرشاکس چند ساعتوں تک برقرار رہے۔
دوسری جانب ابھی تک زلزلے کی وجہ سے کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔
