ٹیک ہب تھری: کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی میں ڈیجیٹل اکانومی کے لیے طلبہ کی تیاری کا پروگرام
ٹیک ہب تھری: کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی میں ڈیجیٹل اکانومی کے لیے طلبہ کی تیاری کا پروگرام
بدھ 29 اپریل 2026 13:37
جدہ کی کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی نے اپنا تیسرا ٹیک ہب تھری لانچ کر دیا ہے جو ایک سالانہ ٹیکنالوجی ایونٹ ہے جس کا مقصد ایجادات کو تقویت دینا اور مملکت کی ڈیجیٹل اکانومی کے لیے طلبہ کو تیار کرنا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس کا اہتمام یونیورسٹی کی کمپیوٹنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی فیلکٹی نے کیا ہے جس کی تھیم ’امپاورنگ دی فیوچر‘ ہے۔ یہ ایونٹ 29 اپریل تک اکیڈیمک سکوئر کیمپس میں جاری رہے گا۔
اس پروگرام میں ماہرین تعلیم، انڈسٹری کے ماہرین اور طلبہ کو اکھٹا کیا گیا جو 15 پینل ڈسکشن، 19 ورکشاپس اور 11 ٹیکنیکل سیشنز پر بات کریں گے جس میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، سائبر سکیورٹی، ڈیٹا سائنس، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، روبوٹکس اور ڈیجیٹل ٹرانسفورمیشن شامل ہیں۔
فیکلٹی کی وائس ڈین ثنا عبداللہ شرف نے بتایا کہ یہ ایونٹ یونیورسٹی کی تعلیم کو لیبر مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ڈھالنے اور طلبہ کو عملی ہنر سے لیس کرنے کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیک ہب تھری ایک ایسا انٹرایکٹیو ماحول فراہم کرتا ہے جو تدریسی علم کو عملی کام کے ساتھ جوڑتا ہے اور گریجوایٹس کو ٹیکنالوجی کے لمبے کیریئر بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
اس ایونٹ میں پروجیکٹس کی نمائش کروائی گئی، کیریئر کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی جس میں سائبر سکیورٹی اور پروگرامنگ چیلنجز شامل ہیں جبکہ نوجوان شرکاء کو ایجادات کرنے پر ابھارا گیا۔
اس اقدام کا مقصد تعلیم اور انڈسٹری میں رشتے کو مضبوط کرنا ہے، ٹریننگ اور ملازمت کے راستے پھیلانے ہیں اور نئی آنے والے ٹیکنالوجی پروجیکٹس کو سپورٹ کرنا ہے۔
اس سے قبل ہونے والے ایڈیشن میں ساڑھے سات ہزار افراد شریک ہوئے تھے جس میں 100 سے زائد طلبہ کی انوویشن کی نمائش کی گئی تھی۔
اس پروگرام میں ماہرین تعلیم، انڈسٹری کے ماہرین اور طلبہ کو اکھٹا کیا گیا (فوٹو: عرب نیوز)
یہ ایونٹ سعودی وژن 2030 کے ساتھ ہم آہنگ ہے جس کا مقصد ڈیجیٹل ٹرانسفورمیشن کے پلان کو تیز کرنا ہے اور قومی ٹیلنٹ کو بنانا ہے۔