Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب میں پتنگ بازی کے لیے نئے قواعد و ضوابط جاری، ’پتنگیں لوٹنے پر مکمل پابندی‘

وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ ’حکومت محفوظ بسنت منانے میں شہریوں کے ساتھ ہے۔‘ (فوٹو: ریڈیو پاکستان)
پاکستان کے صوبے پنجاب کی حکومت نے سال 2027 میں پتنگ بازی کے لیے نئے قواعد و ضوابط کا اعلان کر دیا ہے۔
جمعے کو پنجاب حکومت کی جانب سے کیے گئے اعلان کے مطابق قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کے لیے 30 دسمبر 2026 کی ڈیڈلائن بھی مقرر کی گئی ہے۔
ضوابط کے مطابق عمارت کے مالک اور منتظم کے لیے ہدایات اور قواعد پر عمدرآمد لازمی ہو گا۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی صرف مضبوط اور محفوظ چھتوں پر کی جا سکے گی۔
ہر چھت کی چار دیواری کی اونچائی کم از کم ساڑھے تین فٹ ہونا لازمی قرار دی گئی ہے۔‘
ضوابط میں والدین اور سرپرستوں کو کی گئی یہ ہدایت بھی شامل ہے کہ وہ بچوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنائیں۔
بچوں کو بڑوں کی نگرانی کے بغیر چھت کے کناروں کے قریب جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
مریم نواز کے مطابق ’چھتوں پر بھاگنا، کناروں سے لٹکنا اور جارحانہ انداز میں پتنگیں لوٹنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔‘

رواں برس لاہور میں منائی گئی بسنت نے دنیا بھر کی توجہ حاصل کی (فوٹو: اے ایف پی)

اسی طرح چھتوں پر گنجائش سے زیادہ افراد کے جمع ہونے ہونے کی اجازت بھی نہیں ہو گی۔
 پتنگ بازی کے دوران اونچی آواز میں موسیقی، ڈی جے سسٹمز اور شور پیدا کرنے والے آلات کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔
ہمسایوں کے لیے پریشانی کا باعث بننے والی ہر حرکت قانوناً جرم تصور ہو گی۔‘
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق تمام مقامات پر فرسٹ ایڈ کِٹ کی موجودگی اور اس تک رسائی لازمی قرار دی گئی ہے۔
اعلان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حادثے یا قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں عمارت کے مالک، ایونٹ کے منتظمین کو ذاتی اور مشترہ طور پر ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ ’ضوابط کا مقصد پتنگ بازی کو محفوظ بنانا اور قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکنا ہے۔‘

فروری میں منائی گئی بسنت کے موقع پر خصوصی انتظامات کیے گئے تھے (فوٹو: اے پی)

خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے تمام ڈی سیز اور ڈی پی اوز کو ضوابط پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔
انہوں نے پچھلی بسنت کے موقع پر ضوابط کی پابندی کرنے پر شہریوں کو شاباش بھی دی۔
انہوں نے امید ظاہر ہے کہ انہیں یقین ہے کہ اگلی بسنت کے پہلے مرحلے کے دوران بھی لاہور کے شہری قواعد و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔
ان کے مطابق حکومت محفوظ بسنت منانے میں شہریوں کے ساتھ ہے۔
خیال رہے رواں برس فروری کے مہینے میں تقریباً دو دہائیوں کے بعد لاہور میں بسنت منائی گئی تھی، جس کے لیے پنجاب حکومت نے خصوصی انتظامات کیے اور اس ایونٹ نے دنیا بھر کی توجہ حاصل کی تھی۔

 

شیئر: