Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 11 کے فائنل میں آج حیدر آباد کنگزمین اور پشاور زلمی مدمقابل

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں میچ کا آغاز شام آٹھ بجے ہو گا (فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے فائنل میں آج پشاور زلمی اور حیدر آباد کنگزمین کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں میچ کا آغاز شام آٹھ بجے ہو گا جبکہ ٹاس ساڑھے سات بجے شیڈول ہے۔
پی ایس ایل الیون کے ایلیمینیٹر ٹو میں پہلی مرتبہ ایونٹ کا حصہ بننے والی ٹیم حیدر آباد کنگزمین نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔
اسی طرح سے پی ایس ایل کے کوالیفائر میں پشاور زلمی نے اسلام آبا یونائیٹد کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

پی ایس ایل کی اختتامی تقریب

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق پی ایس ایل 11 کے فائنل سے قبل عظیم الشان تقریب منعقد کی جائےگی اور اس کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
اختتامی تقریب میں معروف گلوکار عاطف اسلم، علی عظمت، عارف لوہار، آئمہ بیگ اور صابری سسٹرز اپنی شاندار پرفارمنس پیش کریں گے، جبکہ رنگا رنگ تقریب کے دوران آتش بازی کا خوبصورت مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔
سنیچر کو چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں فائنل میچ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر، پاکستان سپر لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، متعلقہ ڈائریکٹرز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران فائنل میچ سے قبل ہونے والی رنگا رنگ اختتامی تقریب کو حتمی شکل دی گئی، جبکہ چیئرمین پی سی بی نے تمام انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت جاری کی۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ’میگا ایونٹ کے لیے ہر سطح پر بہترین اور شاندار انتظامات یقینی بنائے جائیں اور شائقین کرکٹ کی سہولت کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے۔‘

شائقین کے لیے ہدایات

پی سی بی کی جانب سے پی ایس ایل الیون کے فائنل کے حوالے سے شائقین کرکٹ کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
پی سی بی کے مطابق سٹیڈیم کے گیٹ نمبر ایک سے آٹھ تک کے ٹکٹ رکھنے والے شائقین کو فیفا گیٹ اور گلبرگ کالج کے راستے سٹیڈیم میں داخل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسی طرح گیٹ نمبر نو سے 16 تک کے ٹکٹ ہولڈرز لبرٹی گیٹ کے ذریعے سٹیڈیم پہنچ سکیں گے۔

پی سی بی نے شائقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ شام ساڑھے چھ بجے تک قذافی سٹیڈیم پہنچ جائیں تاکہ داخلے کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انعامی رقم 

پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے لیے انعامی رقم کا باضابطہ اعلان کردیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق فاتح ٹیم کے لیے انعامی رقم پانچ لاکھ ڈالر مقرر کی گئی ہے، جبکہ رنر اپ ٹیم کو دو لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار چیمپیئن ٹیم کو اضافی طور پر پانچ لاکھ ڈالر کی خصوصی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ رنر اپ ٹیم کو بھی تین لاکھ ڈالر کی اضافی انعامی رقم فراہم کی جائے گی، جبکہ بہترین پلیئر ڈویلپمنٹ میں کردار ادا کرنے والی فرنچائز کو دو لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔

 

شیئر: