عامر خان نے اپنے بیٹے جنید خان کو شوبز کی دنیا میں سہارا کیوں نہیں دیا؟
فلم ’ایک دن‘ کو شائقین کی جانب سے مثبت ردعمل مل رہا ہے (فوٹو: بالی وُڈ ہنگامہ)
بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان نے اپنے بیٹے جنید خان کے فلمی سفر سے متعلق دلچسپ باتیں شیئر کی ہیں۔
شوبز ویب سائٹ بالی وُڈ ہنگامہ کے مطابق عامر خان کا کہنا ہے کہ جنید نے شروع سے ہی یہ فیصلہ کیا کہ وہ اپنے کیریئر میں والد کی شہرت یا اثر و رسوخ کا سہارا نہیں لیں گے بلکہ اپنی محنت سے آگے بڑھیں گے۔
یہ گفتگو ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ان کے پروڈکشن ہاؤس ’عامر خان پروڈکشن‘ کی نئی فلم ’ایک دن‘ سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جا چکی ہے، جس میں جنید خان کے ساتھ اداکارہ سائی پلوی مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔
فلم کو شائقین کی جانب سے مثبت ردعمل مل رہا ہے اور اس کی سادہ کہانی اور اداکاروں کی باہمی ہم آہنگی کو سراہا جا رہا ہے۔
عامر خان نے بتایا کہ ’جنید نے اپنے کیریئر کے حوالے سے ایک واضح حد مقرر کر رکھی ہے۔ وہ نہ تو مجھ سے کہانیوں پر رائے لیتے ہیں اور نہ ہی چاہتے ہیں کہ میں ان کے کام میں مداخلت کروں۔‘
عامر کے مطابق ’وہ خود ہی اپنے فیصلے کرتا ہے اور یہی چاہتا ہے کہ اس کے کام میں کوئی مداخلت نہ ہو۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ جنید نے اداکاری سیکھنے کے لیے بیرونِ ملک رخ کیا۔ وہ لاس اینجلس گئے جہاں انہوں نے دو سال تک تھیٹر کی تربیت حاصل کی اور ایک سال تک سٹیج ڈرامے بھی کیے۔ بعد ازاں وہ ممبئی واپس آئے اور یہاں بھی تھیٹر کے ساتھ منسلک ہو گئے۔ اس دوران وہ عام اداکاروں کی طرح آڈیشن دیتے رہے اور زیادہ تر لوگوں کو یہ معلوم بھی نہیں تھا کہ وہ عامر خان کے بیٹے ہیں۔
عامر خان نے ایک دلچسپ واقعہ بھی شیئر کیا کہ انہیں جنید کی پہلی فلم کے بارے میں خود جنید نے نہیں بلکہ فلم ساز آدتیہ چوپڑا نے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ایک دن فون آیا اور بتایا گیا کہ جنید کو فلم ’مہاراج‘ میں لیا جا رہا ہے۔ اس طرح انہیں اس منصوبے کے بارے میں باہر سے پتا چلا۔
عامر خان نے بطور والد جنید کی خودمختاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی اپنے بیٹے پر کچھ مسلط نہیں کیا۔ ان کے مطابق ’جنید نے ہمیشہ اپنی راہ خود چنی اور اپنے فیصلے خود کیے۔‘
انہوں نے جذباتی انداز میں بتایا کہ ’اگرچہ جنید اب قد کاٹھ میں بڑے ہو چکے ہیں مگر آج بھی جب میں اسے گلے سے لگاتا ہوں تو مجھے سکون محسوس ہوتا ہے۔‘
دوسری جانب فلم ’ایک دن‘ کی خاص بات یہ بھی ہے کہ اس کے ذریعے عامر خان کی ہدایتکار منصور خان کے ساتھ ایک بار پھر شراکت داری دیکھنے کو مل رہی ہے، جن کے ساتھ وہ ماضی میں بھی کامیاب فلمیں کر چکے ہیں۔
فلم ’ایک دن‘ کو اس کی سادہ کہانی اور حقیقی انداز کی وجہ سے پسند کیا جا رہا ہے جبکہ جنید خان کا نام بھی اب بالی وڈ میں ایک ابھرتے ہوئے اداکار کے طور پر لیا جا رہا ہے۔ ان کی خودمختار سوچ اور محنت نے انہیں دیگر اداکاروں سے الگ مقام دیا ہے اور یہی چیز انہیں مستقبل کے لیے ایک مضبوط امیدوار بناتی ہے۔
