عامر خان کون سی انڈین شخصیت کی زندگی پر مبنی نئی فلم میں جلوہ گر ہونے جا رہے ہیں؟
جمعرات 16 اپریل 2026 9:35
عامر خان نے اس کہانی کو پڑھا اور بے حد پسند کیا (فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)
بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان، جو 2022 میں ’لال سنگھ چڈھا‘ اور 2025 میں ’ستارے زمین پر‘ کے بعد بڑے پردے پر کم نظر آئے، اب ایک نئی بایوپک کے ساتھ واپسی کرنے جا رہے ہیں۔
بالی وڈ ہنگامہ کے مطابق عامر خان نے ’بھارت پی‘ کے بانی اشنیئر گروور کی زندگی پر مبنی فلم کے لیے ہاں کر دی ہے۔ یہ فلم اس وقت پری پروڈکشن مرحلے میں ہے اور اس کی ہدایت کاری و پروڈکشن راہول موڈی کریں گے جو ’پیار کا پنچنامہ‘، ’سونو کے ٹیٹو کی سویٹی‘ اور ’تو جھوٹی میں مکار‘ جیسی کامیاب فلموں کے مصنف رہ چکے ہیں۔
عامر خان نے اس کہانی کو پڑھا اور بے حد پسند کیا۔ اشنیئر گروور کی سٹارٹ اپ دنیا میں کامیابی، ان کی بے باک شخصیت اور ’شارک ٹینک انڈیا‘ میں ان کے تیز و دوٹوک تبصرے نے انہیں نوجوان نسل میں خاصا مقبول بنا دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عامر خان کو یہ کردار نہایت دلچسپ اور ناظرین کے لیے قابلِ ربط لگا۔
اشنیئر گروور کی زندگی پہلے ہی ایک کتاب ’ڈوگلاپن: دی ہارڈ ٹروتھ اباؤٹ لائف اینڈ سٹارٹ اپس‘ کی صورت میں سامنے آ چکی ہے۔ خود اشنیئر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس فلم کے بننے کی تصدیق کی تھی۔ مختلف انٹرویوز میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنی بایوپک میں کسی بڑے اداکار کو دیکھنا چاہیں گے، چاہے وہ خانز ہوں یا اکشے کمار، لیکن ان کے نزدیک اصل ہیرو کہانی ہے، اداکار نہیں۔
اشنیئر گروور، جو ’بھارت پی‘ کے شریک بانی اور سابق منیجنگ ڈائریکٹر ہیں، ڈیجیٹل پیمنٹس پلیٹ فارم کے ذریعے کاروباری دنیا میں نمایاں ہوئے۔ ’شارک ٹینک انڈیا‘ میں ان کی بے لاگ رائے اور کاروباری تنازعات نے انہیں ہمیشہ خبروں میں رکھا۔
