سی این این کے بانی چل بسے، الیکٹرانک میڈیا کا انقلاب برپا کرنے والے ’ٹیڈ ٹرنر‘ کون تھے؟
سی این این کے بانی چل بسے، الیکٹرانک میڈیا کا انقلاب برپا کرنے والے ’ٹیڈ ٹرنر‘ کون تھے؟
بدھ 6 مئی 2026 19:54
ٹیڈ ٹرنر نومبر 1938 میں امریکی ریاست اوہائیو کے شہر سنسناٹی میں پیدا ہوئے تھے (فائل فوٹو: اے پی)
بین الاقوامی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے بانی ٹیڈ ٹرنر 87 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ’کیبل نیوز نیٹ ورک‘ (سی این این) نے بدھ کو ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
ٹیڈ ٹرنر اپنی منفرد شخصیت، مونچھوں، یاٹنگ کے شوق اور فلاحی سرگرمیوں کے لیے جانے جاتے تھے، انہوں نے 1980 میں سی این این قائم کر کے ٹیلی وژن نیوز کی دنیا میں انقلاب برپا کیا۔ وہ ایک عرصے سے اعصابی بیماری ’لیوی باڈی ڈیمنشیا‘ میں مبتلا تھے۔
سی این این نے 24 گھنٹے بریکنگ نیوز کی نشریات کا تصور متعارف کرا کے روایتی نشریاتی نظام کو بدل کر رکھ دیا اور1991-1990 کی خلیجی جنگ کی کوریج کے ذریعے عالمی شہرت حاصل کی۔
یہ امریکہ کا پہلا نیوز چینل تھا جس نے مسلسل خبروں کی نشریات شروع کیں اور جلد ہی دنیا بھر میں اپنا دائرہ کار وسیع کر لیا۔ اس کے نمائندوں نے سوویت یونین کے خاتمے سے لے کر چین میں تیانانمن سکوائر مظاہرے کے خلاف کارروائی جیسے اہم واقعات کی براہِ راست کوریج کی۔
سی این این کا بغداد میں امریکی بمباری کے دوران اپنے رپورٹرز کو موجود رکھنا اس کی ساکھ کو مزید مستحکم کرنے کا باعث بنا اور اسے بریکنگ نیوز کا ایک لازمی ذریعہ بنا دیا۔
سی این این ورلڈ وائیڈ کے چیئرمین اور سی ای او مارک تھامسن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ٹیڈ وہ عظیم شخصیت تھے جن کے کندھوں پر ہم کھڑے ہیں، اور آج ہم سب ان کی خدمات اور دنیا پر ان کے اثرات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وہ ہمیشہ سی این این کی رُوح رہیں گے۔‘
ٹیڈ ٹرنر کی میڈیا انڈسٹری میں انٹری
ٹیڈ ٹرنر نومبر 1938 میں امریکی ریاست اوہائیو کے شہر سنسناٹی میں پیدا ہوئے۔
ٹیڈ ٹرنر نے سنہ 1970 میں ایک غیر معروف اٹلانٹا ٹی وی چینل خریدا (فائل فوٹو: گیٹی)
انہوں نے ٹینیسی کے ایک آرمی بورڈنگ سکول میں تعلیم حاصل کی اور بعد ازاں براؤن یونیورسٹی میں داخلہ لیا، تاہم گریجویشن مکمل کرنے سے پہلے انہیں نکال دیا گیا۔
ٹیڈ ٹرنر نے اپنے والد کی خودکشی کے بعد خاندانی اشتہاری کاروبار سنبھالا، جو مالی مشکلات کے باعث مشکلات کا شکار تھا۔ بعد ازاں انہوں نے کئی ریڈیو سٹیشن خریدے اور سنہ 1970 میں ایک غیر معروف اٹلانٹا ٹی وی چینل کے ذریعے ٹیلی وژن کی دنیا میں قدم رکھا۔
دس سال بعد یہی سٹیشن ان کے قومی نشریاتی نیٹ ورک ٹرنر براڈکاسٹنگ سسٹم کی بنیاد بنا، جس کے منافعے سے انہوں نے سی این این کا آغاز کیا۔
سی این این کی کامیابی نے 24 گھنٹے خبریں فراہم کرنے والے دیگر چینلز کے قیام کی راہ ہموار کی، جن میں فاکس نیوز (جسے ٹرنر کے دیرینہ حریف روپرٹ مرڈوک نے قائم کیا)، ایم ایس این بی سی اور دنیا بھر کے متعدد چینلز شامل ہیں۔
ٹیڈ ٹرنر کی میڈیا سلطنت سی این این تک محدود نہیں تھی بلکہ اس میں ٹی بی ایس اور ٹی این ٹی جیسے سپورٹس و انٹرٹینمنٹ چینلز، ٹرنر کلاسک موویز اور کارٹون نیٹ ورک بھی شامل تھے۔