Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج پرمٹ خلاف ورزی: پیدل مکہ مکرمہ جانے والے 5 غیرملکی گرفتار

حج سیکیورٹی فورسز نے مکہ پرمٹ اور حج ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 5 افغانی باشندوں کو حراست میں لے لیا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق حج سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ معمول کی گشت کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے مکہ مکرمہ کی حدود کے باہر غیرآباد راستے سے مکہ مکرمہ شہر میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے پانچ افغانیوں کو گرفتار کرکے ان پر حج ضوابط کی خلاف ورزی درج کر لی ہے۔
تمام گرفتار شدگان کو حج سیکیورٹی فورسز نے متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا جن کے خلاف قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی۔
دریں اثنا ادارہ امن عامہ نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ کوئی بھی شہری یا مقیم غیرملکی حج قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خود کو مشکل میں مبتلا نہ کریں۔
مقررہ پرمٹ کے بغیر کسی کو حج پر جانے کی اجازت نہیں۔ ایسا کرنا قانون شکنی کے زمرے میں شامل ہے جس پر سخت سزا اور بھاری جرمانہ عائد ہے۔
واضح رہے وزارتِ داخلہ کی جانب سے بھی مستقل بنیادوں پر عوامی آگاہی مہم چلائی جارہی ہے جس میں یہ انتباہ دیا جارہا ہے کہ پرمٹ کے بغیر مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کی کوشش نہ کی جائے۔

شیئر: