Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سے 52 ہزار سے زائد عازمین سعودی عرب پہنچ گئے، 207 حج پروازیں

سرکاری حج کوٹے کے تحت 44 فیصد عازمین مملکت آچکے۔( فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سے 207 پروازوں کے ذریعے 52 ہزار 195 سرکاری عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے بیان میں کہا اب تک 135 پروازیں مدینہ منورہ اور 72 پروازیں جدہ ایئرپورٹ پر لینڈ کر چکی ہیں۔
پرائیویٹ حج سکیم کے تحت  12 ہزار 111 پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں جبکہ سرکاری حج کوٹے کے تحت 44 فیصد عازمین مملکت آچکے۔
بیان میں کہا گیا کہ ’85 فیصد سرکاری عازمین مکہ مکرمہ جبکہ 15 فیصد مدینہ منورہ میں مقیم ہیں۔‘
 پاکستان حج مشن کے 1090 اہلکار فیلڈ میں متحرک ہیں ۔ 652 خدام الحجاج، 255 طبی عملہ اور 183 مذہبی امور کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
مکہ مکرمہ میں 791، مدینہ  منورہ میں 280 جبکہ جدہ میں 19 اہلکار خدمات انجام دے رہے ہیں۔
مسجد الحرام میں  آمد و رفت آسان بنانے کے لیے ٹرانسپورٹ پلان مکمل فعال ہے، 230 بسیں استعمال کی جا رہی ہیں۔

پاکستان حج مشن مکہ کی جانب سے حرم میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے خصوصی ٹرانسپورٹ انتظامات کیے گئے۔
تمام ملکوں کے لیے فارمولے کے تحت ہر 250 عازمین حج کے لیے ایک بس لینے کی اجازت ہے تاہم پاکستان حج مشن کی خصوصی درخواست پر 150 افراد کے لیے ایک بس کا فارمولا نافذ کیا گیا ہے
اضافی انتظامات کا مقصد  پاکستانی عازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔
ترجمان مذہبی امور نے کہا کہ ’پاکستانی عازمین دوسرے ملکوں کے برعکس تمام نمازیں مسجد الحرام ادا کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔‘
’پاکستانی عازمین کے لیے حرم شٹل سروس تعداد کے لحاظ سے بہتر انداز میں کام کر رہی ہے۔‘

 

شیئر: