’میں یہی چاہتی تھی‘، سجل علی کا نیا ہیئر سٹائل سوشل میڈیا پر مداحوں کے لیے سرپرائز
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سجل علی اپنے نئے اور منفرد ہیئر سٹائل سے سوشل میڈیا پر زیر بحث ہیں، جہاں مداح ان کے اس انداز پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔
اپنی شخصیت اور جاندار اداکاری کے باعث شہرت رکھنے والی سجل علی نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں وہ شارٹ ’پکسی کٹ‘ ہیئر سٹائل میں نظر آئیں۔
ویڈیو میں اداکارہ نے بائیکر جیکٹ کے ساتھ دھاری دار شرٹ پہن رکھی تھی، جبکہ ان کا نیا لک مداحوں کے لیے کسی بڑے سرپرائز سے کم ثابت نہیں ہوا۔
سجل علی نے پوسٹ کے کیپشن میں مختصر انداز اپناتے ہوئے لکھا ’11:11 ہائے!‘ اور اپنی بہن صبور علی کو بھی ٹیگ کیا ہے۔
اداکارہ نے انسٹاگرام سٹوریز میں بغیر میک اپ مرر سیلفیز بھی شیئر کیں، جنہیں مداحوں نے ان کے نیچرل اور پُراعتماد انداز کی علامت قرار دیا۔
سجل علی اپنے طویل کیریئر کے دوران زیادہ تر لمبے اور روایتی بالوں کے ساتھ دکھائی دیتی رہی ہیں، اسی لیے ان کا یہ اچانک ٹرانسفارمیشن سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
سوشل میڈیا پر جہاں کئی مداحوں نے ان کے اس نئے انداز کو خوب سراہا، وہیں کچھ صارفین نے اس پر تنقید بھی کی۔
کئی مداحوں کا کہنا تھا کہ سجل علی ہر انداز میں خوبصورت لگتی ہیں اور یہ نیا ہیئر سٹائل ان کی شخصیت کو مزید نمایاں کر رہا ہے۔ بعض صارفین نے انہیں ’مین کریکٹر انرجی‘ قرار دیا جبکہ کچھ نے اسے ان کی نئی شروعات سے تعبیر کیا۔
دوسری جانب متعدد صارفین اس امید کا اظہار کرتے نظر آئے کہ شاید اداکارہ نے واقعی اپنے بال نہ کٹوائے ہوں بلکہ یہ کسی شوٹ یا کردار کے لیے استعمال کی گئی ’وگ‘ ہو۔

کچھ سوشل میڈیا صارفین نے یہ قیاس آرائیاں بھی کیں کہ سجل علی کا یہ نیا انداز کسی آنے والے پراجیکٹ کا حصہ ہو سکتا ہے، جبکہ بعض نے ان کے ہیئر سٹائل کو اداکارہ صحیفہ جبار کے انداز سے متاثر قرار دیا۔
اداکارہ عائشہ عمر نے سجل کے نئے انداز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بس ’کچھ نہیں‘ لکھا ہے جبکہ ان کی بہن صبور علی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کمنٹس سیکشن میں جواب دیا ہے کہ ’یہی تو میں چاہتی تھی۔‘

دوسری جانب سجل علی نے اپنی انسٹاگرام سٹوریز میں اداکارہ عائشہ عمر اور اپنی بہن صبور علی کا شکریہ بھی ادا کیا۔