Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیرس: ایفل ٹاور پر فلسطین کا پرچم لہرانے کے الزام میں چھ افراد گرفتار

غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں 72 ہزار 700 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
فرانسیسی حکام نے  ایفل ٹاور پر بغیر اجازت فلسطینی پرچم لہرانے کے الزام میں چھ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے پولیس ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ چھ افراد کو بغیر اجازت پرچم لہرانے کے الزام میں پولیس نے گرفتار کیا ہے۔
ماحولیاتی کارکنوں کے گروپ 'ایکسٹنشن ریبلین فرانس' نے جمعہ کی دوپہر ایفل ٹاور کی پہلی منزل پر ایک بڑا فلسطینی پرچم لہرانے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
گروپ کے ایک نمائندے نے کہا کہ یہ فلسطینیوں کے ساتھ 'اظہارِ یکجہتی' کا پیغام تھا۔ انہوں نے اسرائیل پر غزہ میں قتلِ عام کرنے اور فلسطینی زمینوں پر زیتون کے درخت اکھاڑنے جیسے ماحولیاتی جرائم کا الزام بھی عائد کیا۔
یہ اقدام 'یومِ نکبہ' کے موقع پر کیا گیا، جو 1948 میں اسرائیل کے قیام کے دوران فلسطینیوں کی بے دخلی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
ستمبر میں اسرائیل اور فلسطین دونوں ممالک کے پرچموں کے ساتھ امن کی علامت فاختہ اور زیتون کی شاخ کی تصاویر بھی ایفل ٹاور پر لہرائی گئی تھیں۔
یہ سب فرانس کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے سے پہلے کیا گیا تھا۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں 72 ہزار 700 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت عام شہریوں کی ہے۔
اگرچہ اکتوبر میں جنگ بندی ہوئی تھی، تاہم غزہ میں روزانہ تشدد جاری ہے کیونکہ اسرائیلی حملے اب بھی ہو رہے ہیں۔

 

 
 

شیئر: