مسجدِ نبوی کے قریب موجود ثقافتی مقامات، زائرین کے تجربے کو مزید بہتر اور معلوماتی بنانے کا ذریعہ
مسجدِ نبوی کے اردگرد کا علاقہ مختلف ثقافتی اور تعلیمی مقامات پر مشتمل ہے جو زائرین اور عازمین حج کے تجربے کو مزید بامعنی اور خوشگوار بناتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ان میں سب سے اہم ’مسجدِ نبوی توسیعی نمائش‘ ہے جو 1400 سالہ تعمیراتی تاریخ کو پیش کرتی ہے۔ انٹرایکٹیو ڈسپلے، نایاب نوادرات اور تعمیراتی ماڈلز کے ذریعے زائرین مسجد کی ارتقا کو نبی کریم صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دور سے لے کر موجودہ سعودی دور تک دیکھ اور سمجھ سکتے ہیں۔
قریب ہی مسلم ورلڈ لیگ کے زیرِ انتظام انٹرنیشنل فیئر اور میوزیم آف دی پروفٹ بائیوگرافی اور اسلامی تہذیب کا میوزیم واقع ہے جو ورچوئل ریئیلٹی اور ہولوگرامز جیسی جدید ٹیکنالوجیز استعمال کرتا ہے۔ اس میں حجرۂ نبوی جیسے حصے شامل ہیں جو مختلف زبانوں میں اسلامی تہذیب اور نبی کریم صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی کا ایک جامع اور دلچسپ تعارف پیش کرتے ہیں۔
ایک اور نمایاں مقام الصفیہ میوزیم اینڈ پارک ہے جو مسجد کے جنوبی جانب واقع ایک جدید ڈیجیٹل مقام ہے۔ یہ ملٹی میڈیا ٹیکنالوجی کے ذریعے تخلیق کی کہانی اور انبیاء کرام علیہم السلام کی حیات مبارکہ کو بیان کرتا ہے۔
یہ مقامات عبادت اور تاریخی علم کے درمیان ایک ربط قائم کرتے ہیں جس سے زائرین اپنے حج کے سفر کے دوران اسلامی ورثے سے گہرا تعلق قائم کر سکتے ہیں۔