Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وائٹ ہاؤس کے باہر فائرنگ کرنے والا شخص ہلاک، ’ٹرمپ اندر موجود تھے‘

امریکہ میں وائٹ ہاؤس کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے تاہم اہلکاروں نے حملہ آور کو ہلاک کر دیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک راہگیر زخمی ہوا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق واقعہ سنیچر کی شام کو اس وقت پیش آیا جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس کے اندر موجود تھے۔
سیکرٹ سروس کے سربراہ انتھونی گگلیمی نے واقعے کے بعد ایک بیان میں کہا کہ ’صدر ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں اس وقت ایران کے ساتھ معاہدے پر بات چیت کے حوالے سے کام کر رہے تھے تاہم اس واقعے سے ان پر کوئی اثر نہیں پڑا۔‘
حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ شام چھ بجے کے بعد اس وقت ہوا جب ایک شخص نے بیگ سے اچانک ہتھیار نکالا اور فائرنگ شروع کر دی۔
اس پر سیکرٹ سروس کے اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی اور گولی لگنے کے حملہ آور کو ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ دم توڑ چکا تھا۔
گگلیلمی نے یہ بھی بتایا کہ واقعے میں ایک راہگیر بھی زخمی ہوا تاہم اس کا نام یا دوسری تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ واقعے میں سیکرٹ سروس کے کسی اہلکار کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
واقعے کے بعد پولیس اور سیکرٹ سروس کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیا اور کافی دیر تک علاقے کو بند رکھا۔
ایک عینی شاہد کینیڈین سیاح ریڈ ایڈرین نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ہم نے غالباً 20 سے 25 گولیاں چلنے کی آوازیں سنیں، وہ آتش بازی جیسی آوازیں تھیں مگر پھر سب سے بھاگنا شروع کر دیا۔‘
ایک صحافی جو اس وقت وائٹ ہاؤس کے نارتھ لان میں موجود تھے کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی آواز آتے ہی انہیں اہلکاروں نے پریس بریفنگ روم کی طرف بھاگنے کا کہا۔
اے بی سی نیوز کی نامہ نگار سیلینا وانگ اس وقت سوشل میڈیا کے لیے ایک ویڈیو ریکارڈ کر رہی تھیں جب گولیاں چلنا شروع ہوئیں وہ اچانک نیچے گر گئیں اور گولیوں کی آوازیں ریکارڈ ہو گئیں۔
انہوں نے ایکس پر لکھا کہ ’درجنوں کی تعداد میں گولیاں چلنے کی آوازیں آئیں۔‘

ٹرمپ کے قتل کی کوششیں

79 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ پر مبینہ طور پر تین قاتلانہ حملے ہو چکے ہیں، جن میں سے ایک 25 اپریل کو اس وقت ہوا تھا جب ایک مسلح شخص نے فائرنگ کرتے ہوئے اس ایونٹ میں گھسنے کی کوشش کی تھی جہاں صدر ٹرمپ سٹیج پر موجود تھے۔

تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے اس کو قابو کر لیا تھا۔
اسی طرح جولائی 2024 میں پنسلوانیا میں ایک انتخابی ریلی کے دوران بھی ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کی گئی جس سے ان کا کان زخمی ہوا تھا جبکہ اہلکاروں نے فائرنگ کرنے والے شخص کو ہلاک کر دیا تھا۔
اسی طرح چند ماہ بعد ویسٹ پام بیچ گالف کورس سے ایک مسلح شخص کو گرفتار کیا گیا تھا جہاں ڈونلڈ ٹرمپ کھیل رہے تھے۔

شیئر: