'وجے نے عوام کی خدمت کے لیے شہرت اور کیریئر چھوڑ دیا‘ رام چرن کی وزیر اعلیٰ تامل ناڈو کی تعریف
رام چرن اپنی آنے والی سپورٹس ایکشن ڈراما فلم پیڈی کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)
انڈین ریاست تمل ناڈو میں مشہور اداکار جوزف وجے کی تاریخی انتخابی کامیابی نے سیاسی منظرنامے میں ہلچل مچا دی ہے۔ اداکار سے سیاست دان بننے والے وجے نے سیاسی بے یقینی کے کئی دنوں کے بعد 10 مئی کو تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف اٹھایا۔
اس کے بعد سے سیاست میں ان کی آمد اور وزیراعلیٰ کے طور پر ان کی کارکردگی کو بھرپور توجہ مل رہی ہے۔ اب اداکار رام چرن بھی جوزف وجے کی شاندار انتخابی کامیابی کو سراہنے والی شخصیات میں شامل ہو گئے ہیں۔
فلم پیڈی کی پری ریلیز تقریب کے دوران رام چرن نے وزیراعلیٰ وجے کی بھرپور تعریف کی۔
تقریب کی ایک وائرل ویڈیو میں رام چرن کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ’میں تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ وزیراعلیٰ جوزف وجے نے عوام کی خدمت کے لیے اپنے کیریئر کے عروج اور بے پناہ شہرت کو پسِ پشت ڈال دیا۔ فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کے طور پر مجھے ان پر بہت فخر ہے، اور میں تامل ناڈو کے عوام اور وجے صاحب دونوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘
وجے کی قیادت میں تملگا ویٹری کژگم نے تامل ناڈو اسمبلی انتخابات میں سب سے بڑی جماعت بن کر کئی دہائیوں سے جاری دو جماعتی سیاسی نظام کو چیلنج کر دیا اور ریاستی سیاست میں ایک نئی لہر پیدا کر دی۔
10 مئی کو سیاسی کشمکش کے کئی دنوں بعد وجے نے تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف اٹھایا۔ حلف برداری کی تقریب میں ان کے قریبی دوستوں اور فلمی صنعت سے وابستہ شخصیات، جن میں تریشا کرشنن بھی شامل تھیں، کے علاوہ ہزاروں حامیوں نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ بننے کے بعد وجے نے مختلف شعبوں کی نمائندگی کرنے والی کابینہ تشکیل دی ہے اور ریاست میں بڑھتے ہوئے سکیورٹی مسائل پر بھی توجہ دی ہے۔ تاہم ان کے بعض فیصلوں کو اپوزیشن کی جانب سے تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
دوسری جانب رام چرن اپنی آنے والی سپورٹس ایکشن ڈراما فلم پیڈی کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں۔
فلم کی ہدایت کاری بوچی بابو سانا نے کی ہے، جبکہ اس میں جھانوی کپور، شیوا راج کمار، جگپتی بابو، دیویندو، بمن ایرانی، روی کشن اور ستیا سمیت کئی فنکار شامل ہیں۔
یہ فلم 4 جون کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
