سعودی ایئر لائن کے ذریعے پاکستانی حجاج کرام کی واپسی
طارق فضل چودھری نے کہا کہ ایک لاکھ 80 ہزار پاکستانیوں کو حج کی سعادت نصیب ہوئی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ائیرلائن کی پرواز ایس وی 5724 کے ذریعے آج 370 حجاج اسلام آباد پہنچ گئے۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر حجاج کرام کا استقبال کیا۔
انہوں نے حجاج کرام کو حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ ایک لاکھ 80 ہزار پاکستانیوں کو حج کی سعادت نصیب ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ایک لاکھ 20 ہزار حجاج کرام سرکاری حج سکیم کے تحت گئے، حجاج کرام نے حج 2026 کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔‘
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ’وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزارت مذہبی امور نے حجاج کرام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی۔ وزیر مذہبی امور سردار یوسف اور اُن کی پوری ٹیم کو حج کے بہترین انتظامات پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔‘
سعودی ایئر لائن کی پہلی پرواز ایس وی 345 عازمین کو لے کر لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پہنچی تھی۔
