انڈیا کی جانب سے لوگوں کو بنگلہ دیش میں زبردستی دھکیلنے کی کوششیں ناکام بنا دیں: حکام
بنگلہ دیش نے جمعرات کو الزام عائد کیا ہے کہ انڈیا نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متعدد افراد کو زبردستی اُس کی حدود میں داخل کرنے کی کئی کوششیں کی ہیں جنہیں ناکام بنا دیا گیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ’اس صورتِ حال سے غیر قانونی نقل مکانی کے معاملے پر دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تنازع ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا ہے، جس سے اِن کے تعلقات بہتر بنانے کی کوششیں متاثر ہو سکتی ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان سرحد کی لمبائی چار ہزار کلومیٹر (2500 میل) ہے جو دنیا کی طویل ترین زمینی سرحدوں میں سے ایک ہے، اور یہ مختلف قسم کے دُشوارگزار راستوں سے گزرتی ہے، جس کی نگرانی کرنا ایک مشکل کام ہے۔
بارڈر گارڈ بنگلہ دیش (بی جی بی) کے مطابق ’انڈین حکام کی جانب سے سرحد کے مختلف حصوں میں دراندازی کی 10 کوششیں کی گئی ہیں۔‘
دوسری جانب انڈین وزارت خارجہ اور بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے اس معاملے پر تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
انڈیا کی حکمران جماعت بھارتیا جنتا پارٹی، جس کی سرحدی ریاستوں تِری پورہ، مغربی بنگال اور آسام میں بھی حکومتیں قائم ہیں کا کہنا ہے کہ وہ غیر قانونی نقل مکانی کے مسئلے سے نمٹنے کو ترجیح دے گی۔
گذشتہ برس سے انڈیا مبینہ طور پر بنگالی زبان بولنے والے مسلمانوں کو ’غیر قانونی درانداز‘ قرار دے کر زبردستی بنگلہ دیش میں دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے۔
یہ معاملہ 2024 میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات بحال کرنے کی کوششوں میں بھی رکاوٹ بن گیا ہے۔ بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم حسینہ واجد کو انڈیا نواز رہنما سمجھا جاتا تھا۔
بارڈر گارڈ بنگلہ دیش نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’کسی فرد یا گروہ کو غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرکے بنگلہ دیش میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘
اسی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’بین الاقوامی سرحدی انتظامی اُصولوں اور دوطرفہ معاہدوں کی خلاف ورزی کی کسی بھی کوشش کو ’سختی سے روکا جائے گا۔‘
گذشتہ ماہ بنگلہ دیشی بارڈر گارڈز نے سرحدی علاقوں میں گشت بڑھا دیا تھا اور عوامی آگاہی مہم بھی شروع کی تھی، کیونکہ حکام، انسانی حقوق کی تنظیموں اور تجزیہ کاروں کے مطابق اںڈیا مبینہ طور پر لوگوں کو قانونی تصدیق کے بغیر بنگلہ دیش میں دھکیل رہا ہے، جسے ’پش اِنز‘ کہا جا رہا ہے۔
انڈین وزارت خارجہ نے مئی میں کہا تھا کہ ’اس نے انڈیا میں غیر قانونی طور پر مقیم 2 ہزار 860 سے زائد مشتبہ بنگلہ دیشیوں کی شہریت کی تصدیق کرنے کے لیے بنگلہ دیش سے رابطہ کیا ہے۔‘