دھماکے کے بعد مینا الفحل میں آپریشنز معمول کے مطابق جاری ہیں: عمان
سرکاری میڈیا کے مطابق سلطنتِ عمان کا کہنا ہے کہ ایک دھماکے کے بعد اب مینا الفحل میں تمام آپریشنز معمول کے مطابق چل رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق اس معاملے سے واقف دو افراد نے جمعے کو بتایا تھا کہ عمان کے مینا الفحل ٹرمینل نے اپنے سنگل بوائے مورنگ (SBM) برتھ کے قریب دھماکے کے بعد تیل کی لوڈنگ معطل کر دی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ دھماکہ مبینہ ڈرون حملے کے باعث ایس بی ایم 1 اور 2 برتھ کے درمیان ہوا۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ حملہ کب ہوا تھا۔
ایل ایس سی جی کے جہاز رانی کے ڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ جمعے بندرگاہ کے قریب کئی سپر ٹینکرز لنگر انداز دیکھے گئے تھے۔
دفتر کے اوقات کے بعد ٹرمینل سے تبصرے کے لیے فوری طور پر رابطہ نہیں ہو سکا۔
ایرانی سرکاری میڈیا نے بدھ کو رپورٹ کیا تھا کہ تہران نے خلیج عمان میں ایرانی علاقائی پانیوں کے قریب پہنچنے والے ایک امریکی فوجی جہاز کو نشانہ بنایا ہے جس میں ’کنٹرول اور کمانڈ سینٹر‘ موجود تھا، تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ نے اس کی تردید کی ہے۔
