Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنانی آرمی چیف کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، فوجی تعاون اور علاقائی سلامتی پر تبادلۂ خیال

پاکستان اور لبنان کی افواج کے سربراہان نے منگل کو علاقے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے اعلامیے کے مطابق لبنان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل روڈولف ہیکل نے راولپنڈی پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں عسکری رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، بدلتی ہوئی علاقائی سیکیورٹی صورتحال، دفاعی تعاون اور دوطرفہ فوجی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ بات چیت کا مرکز پیشہ ورانہ روابط، تربیتی تعاون اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانا تھا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر لبنان کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور لبنانی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دوسری جانب، جنرل روڈولف ہیکل نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عملی کارکردگی کو سراہا اور علاقائی امن، استحکام اور بین الاقوامی امن مشنز میں پاکستان کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ’یہ دورہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان فوجی سطح پر قریبی تعاون کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔‘
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو تہا ہے جب لبنان حالیہ ایران، اسرائیل کشیدگی اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے باعث علاقائی تناؤ کا ایک اہم مرکز بنا ہوا ہے۔ پاکستان بارہا لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے خاتمے کا مطالبہ کرتا رہا ہے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کرتا آیا ہے۔
پاکستان اور لبنان کے درمیان اقوامِ متحدہ کے امن مشنز کے ذریعے بھی دیرینہ تعلقات موجود ہیں۔ پاکستانی فوجی دستے ماضی میں اقوامِ متحدہ کی عبوری فورس برائے لبنان (UNIFIL) کے تحت لبنان میں خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔

شیئر: