Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مجھے میری بیوی واپس کر دو‘، اہلیہ کو لینے سسرال پہنچنے والے شوہر کا انوکھا کیک وائرل

صارفین نے شوہر کے اس انداز کو سراہتے ہوئے اسے ازدواجی محبت کی خوبصورت مثال قرار دیا۔ (فوٹو: انسٹاگرام)
سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ ویڈیو صارفین کی توجہ حاصل کر رہی ہے جس میں ایک شوہر اپنی اہلیہ کو سسرال سے واپس لینے کے لیے منفرد انداز میں پہنچا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم انسٹاگرام پر وائرل ویڈیو میں شوہر کے ہاتھ میں ایک کیک دیکھا جا سکتا ہے جس پر لکھا ہے ’مجھے میری بیوی واپس کر دو۔‘
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی معلومات کے مطابق خاتون 10 روز کے لیے اپنے والدین کے گھر گئی تھیں۔ جب شوہر انہیں واپس لینے پہنچا تو وہ اپنے ساتھ یہ خصوصی کیک بھی لے گیا، جس نے وہاں موجود افراد کو مسکرانے پر مجبور کر دیا۔
ویڈیو میں خاتون خوش نظر آتی ہیں جبکہ ان کی والدہ محبت بھرے انداز میں بیٹی کا ہاتھ پکڑ کر داماد کے حوالے کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
یہ ویڈیو انسٹاگرام پر’کرن اینڈ مونا‘ نامی اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی، جہاں اسے بڑی تعداد میں صارفین نے پسند کیا۔
 پوسٹ کے ساتھ لکھا گیا ہے ’شادی اسی شخص سے کریں جو آپ کے بغیر کام نہ چلا سکے۔‘
اگرچہ ویڈیو کے مقام یا وقت کے بارے میں کوئی مصدقہ تفصیلات سامنے نہیں آئیں، تاہم اس نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی ہے اور ہزاروں افراد اس پر تبصرے کر رہے ہیں۔
ویڈیو کے کمنٹس میں صارفین نے شوہر کے اس انداز کو سراہتے ہوئے اسے ازدواجی محبت کی خوبصورت مثال قرار دیا۔
ایک صارف نے لکھا ’یقین کریں، شادی کو خوشگوار یا ناخوشگوار بنانے میں اکثر مردوں کا اہم کردار ہوتا ہے۔ ان کی چھوٹی چھوٹی کوششیں اور محبت بھرے انداز بیوی کے دل میں بڑی خوشی پیدا کرتے ہیں، جس کا فائدہ پورے گھرانے کو ہوتا ہے۔‘
ایک اور صارف کے مطابق ’یہ بہت پیارا ہے اور والدہ کا ردعمل سب سے زیادہ دلکش تھا۔‘
کمنٹس سیکشن میں ایک صارف اس جوڑے کو خوش رہنے کیے دعا مانگتے ہوئے لکھا ہے  ’مجھے پسند ہے کہ وہ اپنے جذبات کا اظہار کتنے کھلے انداز میں کرتے ہیں۔‘
جبکہ ایک اور کمنٹس میں لکھا  گیا ہے کہ ’آپ کے والدین کتنے خوش ہوں گے کہ انہیں ایسا داماد ملا۔‘
بیشتر صارفین کا کہنا تھا کہ شوہر کا یہ سادہ مگر محبت بھرا انداز اس بات کی یاد دہانی ہے کہ چھوٹے چھوٹے جذباتی اظہار بھی ازدواجی زندگی میں خوشیاں بکھیر سکتے ہیں۔

شیئر: