انسٹاگرام اور ٹک ٹاک کے متبادل، نوجوانوں میں مقبول ہونے والی نئی سوشل میڈیا ایپس کون سی ہیں؟
فیس بُک، انسٹاگرام اور ایکس وغیرہ کے متبادل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز متعارف کروائے گئے ہیں (فائل فوٹو: پکسابے)
کئی برسوں سے سوشل میڈیا کی دنیا پر ’میٹا‘ کمپنی کے ’فیس بک‘، ’انسٹاگرام‘، ’واٹس ایپ‘، ’گوگل‘ کے یوٹیوب، ’سنیپ چیٹ‘، ’ٹک ٹاک‘ اور ’ایکس‘ جیسی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کا غلبہ رہا ہے، تاہم اب متعدد نئی سوشل ایپس ان پلیٹ فارمز کو چیلنج کرنے کے لیے میدان میں آ گئی ہیں۔
’ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’ٹیک کرنچ‘ کے مطابق یہ ایپس صارفین کو زیادہ ذاتی، محدود اور دلچسپی پر مبنی کمیونٹیز میں رابطے کا موقع فراہم کر رہی ہیں.
اس وجہ سے خصوصاً نوجوان نسل ان کی جانب راغب ہو رہی ہے۔
ریٹرو: دوستوں اور یادوں کے لیے نجی فوٹو شیئرنگ
’ریٹرو‘ نامی ایپ دو سابق انسٹاگرام ملازمین نیتھن شارپ اور ریان اولسن نے تیار کی ہے۔
یہ ایپ تصاویر شیئر کرنے کا ایک نسبتاً نجی پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے جہاں صارفین اپنی پسندیدہ تصاویر کو نمایاں کر سکتے ہیں، البمز بنا سکتے ہیں اور اپنی پرانی یادوں کو منظم انداز میں محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

کاسموس: تخلیقی افراد کے لیے پنٹرسٹ کا متبادل
’کاسموس‘ کو ’انسپائریشن کی دنیا‘ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس ایپ کے ذریعے صارفین رنگ، کلیدی الفاظ یا تصاویر کی بنیاد پر مواد تلاش کر سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ دوستوں کے ساتھ مجموعے (کولیکشنز) بھی تیار کیے جا سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ پلیٹ فارم پنٹرسٹ کے مقابلے میں زیادہ جدید اور تخلیقی تجربہ فراہم کرتا ہے۔
انڈیگو: بلیو سکائی اور ماسٹوڈون ایک ہی جگہ
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے متبادل تلاش کرنے والوں کے لیے ’انڈیگو‘ ایک منفرد حل بن کر سامنے آیا ہے۔ یہ ایپ صارفین کو بیک وقت ’بلیو سکائی‘ اور ’ماسٹوڈون‘ استعمال کرنے کی سہولت دیتی ہے۔

ایک ہی ٹائم لائن اور ایک ہی پوسٹ کے ذریعے دونوں نیٹ ورکس پر مواد شیئر کیا جا سکتا ہے۔
کارنر: گوگل میپس کا سماجی ورژن
’کارنر‘ کو ’سوشل گوگل میپس‘ کہا جا رہا ہے۔ اس پلیٹ فارم پر صارفین اپنے پسندیدہ مقامات کی فہرستیں تیار کرتے ہیں اور دوسروں کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔

بہترین ریستوران، لائیو جاز مقامات، کتابوں کی دکانیں اور دیگر دلچسپ مقامات تلاش کرنے کے لیے یہ ایپ نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔
ڈیوائن: وائن کی واپسی
مختصر ویڈیوز کے شوقین افراد کے لیے ’ڈیوائن‘ متعارف کرائی گئی ہے، جو ماضی کی مقبول ویڈیو ایپ ’وائن‘ کی طرز پر کام کرتی ہے۔

اس پلیٹ فارم پر صارفین دوبارہ چھ سیکنڈ کی مختصر ویڈیوز بنا سکتے ہیں۔ وائن کے کئی پرانے اور معروف کریئیٹرز بھی اس ایپ کا حصہ بن چکے ہیں۔
میش: رابطوں کو منظم رکھنے کا نیا طریقہ
’میش‘ روایتی سوشل نیٹ ورک نہیں بلکہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو صارفین کو اپنے ذاتی اور پیشہ ورانہ روابط کو منظم رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

یہ ایپ لنکڈ اِن اور ایکس پر ہونے والی سرگرمیوں کو ٹریک کرتی ہے اور صارفین کو اپنے رابطوں کے ساتھ دوبارہ جڑنے کی یاد دہانی بھی کرواتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ نئی نسل روایتی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے بجائے ایسے پلیٹ فارمز کی تلاش میں ہے جہاں الگورتھمز کے بجائے حقیقی روابط، مشترکہ دلچسپیاں اور چھوٹی کمیونٹیز زیادہ اہمیت رکھتی ہوں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ نئی ایپس تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہی ہیں اور مستقبل میں سوشل میڈیا کے منظرنامے کو تبدیل کر سکتی ہیں۔
