پاکستان نے 74 سال بعد بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ جیت لیا
مالدیپ میں کھیلے گئے ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان نے افغانستان کو 0-2 سے شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے 74 سال بعد کسی بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا، جبکہ پاکستانی ٹیم نے اپنی تاریخ میں پہلی بار کسی سٹینڈ اَلون بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ کا فائنل جیتا ہے۔
بدھ کو مالے میں کھیلے گئے فائنل میں افغانستان نے جارحانہ انداز میں کھیل کا آغاز کیا، تاہم پاکستانی ٹیم نے جلد ہی میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔
پاکستان کو پہلا گول 24ویں منٹ میں ملا جب شائق دوست نے شاندار اوور ہیڈ کک کے ذریعے گیند جال میں پہنچا دی۔ اس گول کے بعد پاکستان نے کئی خطرناک حملے کیے جبکہ افغانستان کی ٹیم وقفے تک برابری کا گول کرنے میں ناکام رہی۔
دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ پاکستان نے برتری کو برقرار رکھا جبکہ گول کیپر ثاقب حنیف اور دفاعی کھلاڑیوں نے افغانستان کے حملوں کو ناکام بنایا۔ میچ کے آخری لمحات میں متبادل کھلاڑی ہارون حمید نے ایک شاندار انفرادی کوشش کے بعد دوسرا گول اسکور کر کے پاکستان کی فتح یقینی بنا دی۔
پاکستان پورے ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہا اور مسلسل تیسری کامیابی کے ساتھ ٹرافی اپنے نام کی۔ اس سے قبل بھی قومی ٹیم گروپ مرحلے میں افغانستان کو 0-2 سے شکست دے چکی تھی۔
یہ کامیابی پاکستان فٹبال کی حالیہ تاریخ کی اہم ترین فتوحات میں شمار کی جا رہی ہے۔ پاکستان نے آخری مرتبہ 1952 میں ایشین کواڈرینگولر فٹبال ٹورنامنٹ جیتا تھا، جبکہ اس کے بعد قومی ٹیم کسی بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹ کا ٹائٹل حاصل نہیں کر سکی تھی۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے تاریخی فتح پر کھلاڑیوں، کوچنگ سٹاف اور قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ کامیابی پاکستان فٹبال کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’قومی ٹیم نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی فٹبال میں بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے اور یہ فتح مستقبل کی مزید کامیابیوں کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگی۔‘
