میرے بیٹے عبداللہ نے دو دن پہلے پوچھا کہ بابا، ورلڈ کپ میں آپ کی فیورٹ ٹیم کون سی ہے؟ یاد رہے کہ عبداللہ کی اس ورلڈ کپ میں ایک ہی ٹیم فیورٹ ہے۔ اڑتالیس میں سے صرف ایک ٹیم ۔ جس میں کرسٹیانو رونالڈو کھیلتا ہے۔ رونالڈ فینز دنیا میں کروڑوں کی تعداد میں ہیں،ایک ہمارے گھر میں بھی خیر سے ہے۔
رونالڈ فینز کے خیال میں اس ورلڈ کپ کی موسٹ فیورٹ ٹیم پرتگال ہے کیونکہ اس میں رونالڈو کھیلتا ہے اور یہ اس کا آخری ورلڈ کپ ہے۔
کاغذوں پر پرتگال کی ٹیم کتنی مضبوط ہے یا نہیں ہے؟ اس کی رینکنگ کیا ہے، حالیہ کارکردگی کیا، یہ سب ثانوی باتیں ہیں۔ رونالڈو فینز کے لئے اصل نکتہ رونالڈو کا پرتگال کی جانب سےکھیلنا ہے۔ یہی جذبہ میسی کے چاہنےوالے ارجنٹائن کے لئے رکھتے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
کیا آپ کی زندگی میں ڈیلیٹ بٹن موجود ہے؟ عامر خاکوانی کا کالمNode ID: 904883
ان کے خیال میں میسی دوسری بار ورلڈ کپ ٹرافی اٹھا کر ہی دم لے گا۔
خیر رونالڈو فینز، میسی فینز کو تو سردست ایک سائیڈ پر رہنے دیتے ہیں، مگر یہ سوال اہم ہے کہ ورلڈ کپ میں کون سی ٹیمیں فیورٹ ہیں، جن کے ورلڈ کپ جیتنے کے امکانات زیادہ ہیں۔ پچھلے کالم میں ہم نے چھ ٹیموں کا ذکر کیا جو ماہرین اور بک مارکیٹ کے مطابق دوسروں سے ٹاپ پر ہیں۔ سپین، فرانس دونوں موسٹ فیورٹ ہیں جبکہ انگلینڈ، ارجنٹائن، برازیل، جرمنی بھی ان میں شامل ہیں۔ بعض ماہرین پرتگال، جاپان، جنوبی کوریا اور مراکش کو ڈارک ہارس قرار دے رہے ہیں۔
ویسے فیورٹ ٹیم والا سوال جتنا سادہ لگتا ہے، ویسا ہے نہیں۔ اڑتالیس ٹیمیں، بارہ گروپ، چار سال کی محنت اور پھر صرف ایک ٹیم فاتح۔ اوپر سے اپ سیٹ ورلڈ کپ سے پہلے شروع ہوگئے ہیں۔ یعنی اندازہ لگائیں کہ آئیوری کوسٹ کی ٹیم کو کوئی لفٹ ہی نہیں کرا رہا تھا، مگر اس نے وارم اپ میچ میں فرانس کو ہرا کر ہر ایک کو حیران کر دیا ہے۔ اس طرح کے اپ سیٹ ورلڈ کپ میں بھی ہوں گے۔ ہر چھوٹی اور نسبتاً غیر معروف ٹیم کوئی کرشمہ دکھانے کی امید لیے ورلڈ کپ میں آئی ہے۔
کام مشکل سہی، مگر ہم کوشش کرتے ہیں کہ بارہ گروپوں میں بٹی اڑتالیس ٹیموں میں سے فیورٹ ٹیموں کی نشاندہی کریں۔ یہ تجزیہ ان ٹیموں کی حالیہ کارکردگی، پچھلے دوبرسوں کے دوران بڑے ٹورنامنٹس میں پوزیشننگ اور ورلڈ ریکنگ کے ساتھ ان کی کوچنگ ٹیم کی حالیہ حکمت عملی کے جائزے پر مشتمل ہے۔ غلطی کا امکان ظاہر موجود ہے، آپ اتفاق اختلاف کا حق بھی محفوظ رکھتےہیں۔
پہلی بات یہ کہ اس بار کا فارمیٹ بالکل نیا ہے۔ بارہ گروپ، ہر گروپ میں چار ٹیمیں، ہر گروپ کی اوپر دو ٹیمیں اور پھر تمام گروپوں کی بہترین آٹھ تیسرے نمبر والی ٹیمیں مل کر بتیس ٹیموں کا ناک آوٹ راؤنڈ بناتی ہیں۔ یہ ایک بڑا موقع ہے کہ چھوٹی ٹیمیں بھی آگے جا سکیں۔
اب ایک ایک کر کے ہر گروپ کا جائزہ لیتے ہیں۔

گروپ اے : میکسیکو، جنوبی کوریا، جنوبی افریقہ، چیکیا (چیک ری پبلک)
میکسیکو اپنے گھر میں کھیل رہا ہے، سو جوش دوگنا ہوگا۔ جنوبی کوریا کی ٹیم پچھلے دو برسوں سے اچھا کھیل رہی ہے، ان کے بعض کھلاڑی جیسے اوہ ہیون گیو سٹار کھلاڑی ہیں۔ چیکیا کے پیٹرک شِک بھی خطرناک ہیں مگر پہلے دو کی دوڑ میکسیکو اور کوریا میں ہے۔
اس گروپ کے فیورٹ: میکسیکو اور جنوبی کوریا۔ تاہم چیکیا بھی اہم ٹیم ہے، اسے نظرانداز نہیں کر سکتے۔ وہ ٹاپ ٹو میں نہ آ سکی تب بھی اگلے راونڈ میں جا سکتی ہے، ٹاپ آٹھ تیسری پوزیشن والی ٹیموں میں آ کر۔
گروپ بی: کینیڈا، بوسنیا ہرزیگووینا، قطر، سوئٹزرلینڈ
کینیڈا میزبان ہے اور بارہ جون کو ٹورانٹو میں بوسنیا سے آغاز کرے گا۔ کینیڈین کھلاڑی الفانسو ڈیویز بائیں جانب سے طوفان بن کر آتا ہے۔ سوئٹزرلینڈ بھی ٹھوس ٹیم ہے، زاکاریا اور شاقیری جیسے کھلاڑی ہیں۔
اس گروپ کے فیورٹ: کینیڈا اور سوئٹزرلینڈ۔
گروپ سی : برازیل، مراکش، سکاٹ لینڈ، ہیٹی
نیمار کے ورلڈ کپ کھیلنے پر ابھی سوالیہ نشان ہے، وہ زخمی ہے اور وارم اپ میچز سے باہر رہا۔ تاہم برازیل نے اس کے بغیر پاناما کو چھ دو سے روندا، ونیشیئوس جونیئر دنیا کے بہترین وِنگروں میں سے ہے۔ برازیل ہمیشہ ہر ورلڈ کپ میں اہم ٹیم رہی ہے، اس بار بھی یہ اس گروپ میں موسٹ فیورٹ ہے۔
مراکش 2022 میں تہلکہ مچانے والی ٹیم ہے، وہ تب سیمی فائنل تک گیا تھا، اشرف حکیمی اس کا مشہور کھلاڑی ہے جبکہ ٹیم میں کئی اہم کھلاڑی ہیں، البتہ پچھلی بار والا کوچ تبدیل ہوچکا۔ سکاٹ لینڈ بھی اچھی ٹیم ہے۔
میرے فیورٹ: برازیل اور مراکش۔ سکاٹ لینڈ بھی حیران کر سکتی ہے۔

گروپ ڈی: امریکہ، آسٹریلیا، پیراگوئے، ترکیہ
امریکہ اپنے گھر میں ہے، کرسچین پولیسیک اور پبلو یوآن ان کی قوت ہیں۔ آسٹریلیا کو کم مت سمجھیں، میٹ ریان گول کیپنگ میں شاندار ہے، وارم اپ میں انہوں نے سوئٹزرلینڈ سے ایک ایک کی برابری کی۔ ترکیہ نے وارم اپ میں شمالی مقدونیہ کو چار صفر سے ہرایا۔
فیورٹ: امریکہ اور آسٹریلیا۔ ترکیہ بھی اپ سیٹ کر سکتا ہے، ورنہ تیسرے نمبر کی ٹیموں میں آنے کے امکانات ہیں۔ ویسے تو پیراگوئے بھی اچھی ٹیم ہے۔ یہ خاصا ٹف گروپ ہے۔
گروپ ای: جرمنی، ایکواڈور، آئیوری کوسٹ، کیوراساؤ
اس گروپ میں جرمنی سب سےفیورٹ ہے۔ جمال مسیالا، فلورین ورٹز، لیرائے سانے، یہ تینوں مل کر ڈیفنڈروں کی نیند اڑا سکتے ہیں۔ وارم اپ میں جرمنی نے امریکہ کو دو ایک سے ہرایا۔ اب اس گروپ کی سب سے بڑی خبرکہ آئیوری کوسٹ نے وارم اپ میں فرانس کو دو ایک سے ہرا دیا، گویلا ڈووے نے برابری کی اور پھر اس کے پاس پر عماد دیاللو نے فیصلہ کن گول کیا۔
یہ اس پورے وارم اپ دور کا سب سے بڑا اپ سیٹ ہے۔ ایکواڈور نے وارم اپ میں گوئٹے مالا کو تین صفر سے روندا۔ فیورٹ: جرمنی جبکہ ایکواڈور اور آئیوری کوسٹ دونوں میں اچھی مسابقت رہے گی، دوسرے نمبر پر آنے کے لیے۔
گروپ ایف: نیدرلینڈز، جاپان، تیونس، سویڈن
یہ خاصا ٹف گروپ ہے۔ نیدرلینڈ(ہالینڈ)، سوئیڈن اور جاپان تینوں اچھی ٹیمیں ہیں۔ نیدرلینڈ بڑی ٹیم ہے، ورگل وان ڈائک جیسا ناقابل تسخیر سینٹر بیک اور کوڈی گاکپو آگے سے خطرناک ہیں۔ مگر وارم اپ میں الجزائر نے نیدرلینڈز کو ایک صفر سے ہرا دیا، جو اس گروپ مرحلے سے پہلے ایک اہم سوالیہ نشان ہے۔ جاپان ہمیشہ ذہین ٹیم ہے، تاکیفوسا کوبو لیگز کا بڑا سٹار ہے۔ سوئیڈن بھی کرشمہ دکھا سکتی ہے۔
فیورٹ: نیدرلینڈز ،جاپان۔ سوئیڈن پر بھی نظر رکھیں۔

گروپ جی : بیلجیم، ایران، مصر، نیوزی لینڈ
بیلجیم نے وارم اپ میں کروشیا کو دو صفر سے اور تیونس کو پانچ صفر سے شکست دی۔ لوکاکو اور ڈی بروئنے کا ملاپ خوفناک ہے۔ ایران کے گول کیپر علیرضا بیرانوند بہت قابل ہیں اور ٹیم کا دفاع مضبوط ہے۔
فیورٹ: نمبرون پر بیلجیم جبکہ ایران اور مصر میں سے آگے جانے کے لئے مقابلہ رہے گا۔ ٹیم ویسے نیوزی لینڈ بھی بری نہیں۔ یہ ٹف گروپ ہے۔
گروپ ایچ: اسپین، یوراگوئے، سعودی عرب، کیپ وردے
سپین اس ورلڈ کپ کے لیے موسٹ فیورٹ سمجھی جا رہی ہے۔ لامین یامال جس کی عمر ابھی اٹھارہ برس ہے، وہ جادوگر کھلاڑی ہے۔ پیڈری اور گاوی بھی ہیں۔ وارم اپ میں سپین عراق سے ایک ایک سے برابر رہا۔ یوراگوئے کے ڈارون نونیز کا نام لیا جائے تو کافی ہے، دو بار کے عالمی چیمپئن آسانی سے نہیں ہارتے۔
فیورٹ: سپین اور یوراگوئے۔ سعودی عرب سے بھی اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔
گروپ آئی : فرانس، سینیگال، ناروے، عراق
فرانس اس وقت فیفا رینکنگ میں دنیا کا نمبر ایک ہے۔ ایمباپے کے ساتھ عثمان ڈیمبیلے جبکہ مارکوس تھوراؤ، مائیکل اولیز، اورلین چوآمینی کا ملاپ واقعی خوفناک ہے۔ مگر آئیوری کوسٹ کے خلاف شکست کے بعد کوچ دیشاں نے خود کہا کہ یہ انتباہ تھا کہ ہم خود کو سب سے بہتر نہ سمجھیں۔

دوسری طرف ناروے میں ارلنگ ہالینڈ دنیا کے خطرناک ترین سٹرائیکروں میں سے ہے۔ سینیگال کے صادیو مانے نے 2022 میں فرانس کے خلاف گول کیا تھا، اس گروپ میں اچھا مقابلہ ہوگا۔
فیورٹ: فرانس اور ناروے، مگر سینیگال کو نظرانداز کرنا غلطی ہوگی۔
گروپ جے: ارجنٹائن، الجزائر، آسٹریا، اردن
لیونل میسی کا یہ چھٹا اور آخری ورلڈ کپ ہے، کرسٹیانو رونالڈو کے برابر سب سے زیادہ کا ریکارڈ۔ ارجنٹائن موجودہ عالمی چیمپئن ہے، میسی کے علاوہ یولیان الوارز اور لاوتارو مارتینیز بھی ہیں۔ الجزائر نے وارم اپ میں نیدرلینڈز کو ایک صفر سے ہرا کر سب کو حیران کیا۔ آسٹریا نے تیونس کو ایک صفر سے ہرایا اور وہ بھی سیریس ٹیم ہے۔
فیورٹ: ارجنٹینا اور آسٹریا، الجزائر بھی مزہ دے سکتا ہے۔
گروپ کے: پرتگال، کولمبیا، ازبکستان، کانگو
کرسٹیانو رونالڈو کا شاید آخری ورلڈ کپ، مگر اصل قوت برونو فرنانڈیز اور رافائیل لیاؤ میں ہے۔ وارم اپ میں پرتگال نے چلی کو دو ایک سے ہرایا۔ کولمبیا کے لوئیس ڈیاز ہمیشہ سرپرائز دینے والے کھلاڑی ہیں، وارم اپ میں کولمبیا نے کوسٹاریکا کو تین ایک سے ہرایا۔
فیورٹ: پرتگال اور کولمبیا۔
گروپ ایل: انگلینڈ، کروشیا، پاناما، گھانا
انگلینڈ کو بھی ورلڈ کپ کے لیے تین فیورٹ ٹیموں میں سے ایک سمجھا جا رہا ہے۔ ہیری کین، فل فوڈن، بکایو ساکا، یہ تینوں مل کر کسی بھی مخالف ٹیم کو بڑی تکلیف دے سکتے ہیں۔ وارم اپ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو ایک صفر سے ہرایا۔ کروشیا نے سلووینیا کو آخری لمحے میں دو ایک سے ہرایا، لوکا مودریچ نے گول کیا، یہ کروشیا کی روایت ہے کہ آخری دم تک چھوڑتے نہیں۔
فیورٹ: انگلینڈ اور کروشیا۔













