Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

واکا واکا سے دائی دائی تک: فیفا ورلڈ کپ نے شکیرا کی زندگی کیسے بدل دی؟

شکیرا کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ نے ان کی زندگی پر گہرا اثر ڈالا اور اسی لیے وہ اپنے بچوں کو ’واکا کڈز‘ کہتی ہیں۔(فوٹو:اے ایف پی)
کولمبیا کی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا کا نام سنتے ہی فٹبال شائقین کے ذہن میں ورلڈ کپ 2010 کا مشہور آفیشل گیت ’واکا واکا‘ گونجنے لگتا ہے، لیکن گلوکارہ کے مطابق فیفا ورلڈ کپ نے انہیں صرف ایک یادگار گانا ہی نہیں دیا بلکہ ان کی ذاتی زندگی پر بھی گہرا اثر ڈالا۔
ورلڈ کپ 2026 کے موقع پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں شکیرا نے کہا کہ فٹبال کے ساتھ ان کا تعلق ایسا ہے جو وقت گزرنے کے باوجود کمزور نہیں ہوا۔
ان کے بقول یہ رشتہ 2006 کے ورلڈ کپ سے شروع ہوا، جب انہوں نے امریکی گلوکار وائکلف جین کے ساتھ پرفارم کیا تھا۔ تاہم 2010 کا ورلڈ کپ ان کی زندگی میں ایک خاص اہمیت رکھتا ہے۔
شکیرا نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں ہونے والے اسی ورلڈ کپ کے دوران ان کی ملاقات ہسپانوی فٹبالر جیرارڈ پیکے سے ہوئی، جو بعد میں ان کے بچوں کے والد بنے۔
گلوکارہ کے مطابق ’میں اپنے بچوں کو ’واکا کڈز‘ کہتی ہوں کیونکہ میرے خیال میں ان کی پیدائش بھی کسی نہ کسی طرح اس گانے کی وجہ سے ہوئی۔ واکا واکا مجھے ورلڈ کپ تک لے کر گیا اور ورلڈ کپ نے میری زندگی پر اہم اثر ڈالا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے بچے ان کی زندگی میں ہونے والی سب سے خوبصورت چیز ہیں اور اسی وجہ سے ورلڈ کپ کی یادیں ان کے لیے ہمیشہ خاص رہیں گی۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by People Magazine (@people)

شکیرا نے 2014 کے ورلڈ کپ کی یاد تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت وہ اپنے دوسرے بچے کی ماں بننے والی تھیں۔ ان کے بقول جب انہوں نے ورلڈ کپ تقریب میں پرفارم کیا تو مداحوں نے فوراً اندازہ لگا لیا تھا کہ وہ حاملہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’ہر ورلڈ کپ میرے لیے کسی نہ کسی جادوئی یاد سے وابستہ ہے۔‘
فیشن ٹائمز کے مطابق شکیرا گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ورلڈ کپ کی سب سے نمایاں موسیقی کی شخصیات میں شمار ہوتی رہی ہیں۔
2010 میں ’واکا واکا‘ نے انہیں فٹبال کی عالمی ثقافت کا حصہ بنا دیا، جبکہ 2014 میں ان کا گانا ’لا لا لا‘ بھی شائقین میں بے حد مقبول ہوا۔
ورلڈ کپ 2026 میں شکیرا ایک بار پھر افتتاحی تقریبات کا حصہ بنیں۔ میکسیکو سٹی کے تاریخی ازٹیکا سٹیڈیم میں منعقد ہونے والی تقریب میں انہوں نے نائجیریا کے گلوکار برنا بوائے کے ساتھ ’دائی دائی‘ پیش کیا۔

فیشن ٹائمز کے مطابق ’واکا واکا‘ آج بھی ورلڈ کپ کی تاریخ کے مقبول ترین گانوں میں شمار ہوتا ہے.(فوٹو:فیفا)

فیشن ٹائمز کے مطابق ’واکا واکا‘ آج بھی ورلڈ کپ کی تاریخ کے مقبول ترین گانوں میں شمار ہوتا ہے اور دنیا بھر کے فٹبال شائقین کے لیے یہ گانا ٹورنامنٹ کی یادگار علامت بن چکا ہے۔
شکیرا کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں جب دنیا مختلف سماجی اور سیاسی چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے، ورلڈ کپ لوگوں کو ایک جگہ جمع کرنے اور مختلف قوموں کے درمیان رابطے مضبوط بنانے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔
ان کے بقول ہر ورلڈ کپ ایک نئی کہانی لے کر آتا ہے۔ 2006 کی پہلی پرفارمنس، 2010 میں جیرارڈ پیکے سے ملاقات، 2014 میں حمل کے دوران اسٹیج پر واپسی اور 2026 میں ’دائی دائی‘ کے ساتھ دوبارہ عالمی فٹبال کے سب سے بڑے میلے کا حصہ بننا اس سفر کے اہم ابواب ہیں۔
ماہرین کے مطابق شکیرا کی عالمی مقبولیت، مختلف ثقافتوں میں پذیرائی اور فٹبال شائقین کے ساتھ جذباتی تعلق وہ وجوہات ہیں جن کی بنا پر فیفا بار بار بڑے مواقع پر انہیں منتخب کرتا ہے۔ 
 ورلڈ کپ 2026 کی افتتاحی تقریب میں ان کی موجودگی نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ دو دہائیوں بعد بھی شکیرا کا نام فٹبال کے سب سے بڑے میلے سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔

شیئر: