Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ 2026: کینیڈا اور امریکہ میں افتتاحی تقریبات، نورا فتحی سمیت کون کون پرفارم کرے گا؟

پاکستانی شائقین کینیڈا کی افتتاحی تقریب آج رات تقریباً ساڑھے دس بجے دیکھ سکیں گے۔(فوٹو:فیفا)
فٹبال ورلڈ کپ 2026 کی رنگا رنگ تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ میکسیکو میں افتتاحی میچ اور شاندار تقریب کے بعد آج کینیڈا اور امریکہ بھی اپنی میزبانی کا آغاز خصوصی افتتاحی تقریبات کے ساتھ کریں گے، جن میں موسیقی، ثقافت اور فٹبال کا منفرد امتزاج پیش کیا جائے گا۔
فیفا کے مطابق کینیڈا کی افتتاحی تقریب ٹورنٹو سٹیڈیم میں کینیڈا اور بوسنیا و ہرزیگووینا کے میچ سے قبل منعقد ہوگی۔
 تقریب میں کینیڈا کے معروف گلوکار مائیکل بوبلے، الانیس موریسیٹ، الیسیا کارا، جیسی ریئز، ولیم پرنس، ویجی ڈریم اور ایلیانا کے ساتھ انڈین نژاد کینیڈین اداکارہ اور گلوکارہ نورا فتحی بھی پرفارم کریں گی۔
واضح رہے کہ نورا فتحی ورلڈ کپ 2026 کے آفیشل میوزک پراجیکٹ کا حصہ ہیں۔ ان کا گانا 'سیر سیر' فرانسیسی گلوکار ویجی ڈریم اور میوزک پروڈیوسر سنجوئے کے اشتراک سے جاری کیا گیا ہے۔
گانے نے ریلیز کے پہلے 24 گھنٹوں میں یوٹیوب پر دو کروڑ (20 ملین) سے زائد ویوز حاصل کیے اور بعض رپورٹس کے مطابق یہ ورلڈ کپ کے گانوں میں پہلے روز سب سے زیادہ دیکھے جانے والے گانوں میں شامل ہو گیا۔
فیفا کا کہنا ہے کہ تقریب کے ذریعے کینیڈا کے ثقافتی تنوع اور مختلف کمیونٹیز کی نمائندگی کو اجاگر کیا جائے گا، جبکہ ورلڈ کپ ٹرافی کی ایک خصوصی موزیک پیشکش بھی تقریب کا حصہ ہوگی۔
پاکستانی شائقین کینیڈا کی افتتاحی تقریب آج رات تقریباً ساڑھے دس بجے دیکھ سکیں گے، جبکہ کینیڈا اور بوسنیا و ہرزیگووینا کے درمیان میچ رات بارہ بجے شروع ہوگا۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Nora Fatehi (@norafatehi)

دوسری جانب امریکہ کی افتتاحی تقریب لاس اینجلس سٹیڈیم میں امریکہ اور پیراگوئے کے میچ سے قبل منعقد ہوگی۔ 

فیفا کے مطابق اس تقریب میں امریکی پاپ سٹار کیٹی پیری، برازیلین گلوکارہ انیتا، جنوبی کوریا کے معروف پاپ گروپ بلیک پنک کی رکن لیسا، نائجیریا کے ریما، جنوبی افریقہ کی ٹائلا اور امریکی ریپر فیوچر پرفارم کریں گے۔

پاکستانی وقت کے مطابق امریکی افتتاحی تقریب 13 جون کی صبح تقریباً ساڑھے تین بجے شروع ہوگی جبکہ امریکہ اور پیراگوئے کا میچ صبح پانچ بجے کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل ورلڈ کپ 2026 کا باضابطہ آغاز میکسیکو سٹی کے تاریخی ایستادیو ازٹیکا میں ہوا جہاں ہزاروں شائقین کی موجودگی میں افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔

 تقریب میں گلوکارہ شکیرا اور گلوکار برنا بوائے نے ورلڈ کپ 2026 کے سرکاری گیت ’دائی دائی‘ پر پرفارم کیا۔(فوٹو:فیفا)

 تقریب میں کولمبیا کی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا اور نائجیریا کے گلوکار برنا بوائے نے ورلڈ کپ 2026 کے سرکاری گیت ’دائی دائی‘ پر پرفارم کیا۔
افتتاحی تقریب میں جے بالون، الیخاندرو فرنانڈیز، بیلیندا، ڈینی اوشن، لیلا ڈاؤنز، لاس اینجلس ازولیس، مانا اور ٹائلا سمیت متعدد فنکار شریک ہوئے جبکہ میکسیکو کی ثقافت، روایتی رقص، موسیقی اور مقامی ورثے کو رنگا رنگ انداز میں پیش کیا گیا۔

میکسیکو نے جنوبی افریقہ کو دو صفر سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔(فوٹو:فیفا)

افتتاحی میچ میں میزبان میکسیکو نے جنوبی افریقہ کو دو صفر سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا اور گروپ اے میں اپنے پہلے تین پوائنٹس حاصل کیے۔
فیفا کے مطابق 48 ٹیموں اور 104 میچوں پر مشتمل یہ عالمی کپ تاریخ کا سب سے بڑا ورلڈ کپ ہے، جو 19 جولائی تک امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کے 16 مختلف شہروں میں جاری رہے گا۔
جمعے کی رات کینیڈا اور سنیچر کی صبح امریکہ کی افتتاحی تقریبات کے ساتھ ورلڈ کپ 2026 کا جوش مزید بڑھ جائے گا، جبکہ پاکستانی شائقین رات بھر رنگا رنگ تقریبات اور اہم میچز براہِ راست دیکھ سکیں گے۔

شیئر: