Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کیپ کٹ‘ کی حریف ’ایڈیٹس‘ ایپ میں اے آئی کے علاوہ اور کیا کچھ نیا شامل کیا گیا ہے؟

ایڈیٹس میں اب اے آئی اسسٹنٹ بھی شامل کر دیا گیا ہے (فائل فوٹو: ایڈیٹس)
مشہور ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے بدھ کو لاس اینجلس میں منعقدہ ایک خصوصی کریئیٹرز ایونٹ کے دوران اپنی ویڈیو ایڈیٹنگ ایپ ’ایڈیٹس‘ میں شامل کیے جانے والے متعدد نئے فیچرز کی جھلک پیش کی۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’ٹیک کرنچ‘ کے مطابق ان میں ایک ’مصنوعی ذہانت پر مبنی اسسٹنٹ، ایپ کا کمپیوٹر ورژن، تجرباتی فیچرز کے لیے ’بیٹا ٹیب‘ اور ناظرین سے متعلق مزید تفصیلی معلومات فراہم کرنے والے نئے تجزیاتی اوزار شامل ہیں۔
ایڈیٹس گذشتہ سال متعارف کرائی گئی تھی اور اسے بائٹ ڈانس کی مقبول ویڈیو ایڈیٹنگ ایپ ’کیپ کٹ‘ کے براہِ راست حریف کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔ نئے اور آئندہ آنے والے فیچرز کے ذریعے میٹا موجودہ صارفین کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ نئے کریئیٹرز کو بھی اپنی جانب متوجہ کرنا چاہتی ہے۔
کمپنی کے مطابق آنے والا مصنوعی ذہانت پر مبنی اسسٹنٹ (معاون) تخلیق کاروں کو اپنے مواد کی کارکردگی کا تجزیہ کرنے اور نئے خیالات دریافت کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔
یہ معاون انسٹاگرام سے حاصل ہونے والے اعدادوشمار، بشمول ویوز اور ویڈیو برقرار رکھنے کی شرح، کا جائزہ لے کر یہ بتائے گا کہ کون سا مواد بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے اور اس کی وجوہات کیا ہیں۔ اس کے علاوہ یہ مواد کی کارکردگی کی بنیاد پر نئی ویڈیوز کے موضوعات تجویز کرے گا اور مقبول گانوں کے استعمال کی سفارش بھی کرے گا۔
ایڈیٹس میں مصنوعی ذہانت پر مبنی معاون کی شمولیت کے ذریعے میٹا تخلیق کاروں کو انسٹاگرام پر زیادہ متحرک رکھنا چاہتی ہے، کیونکہ کمپنی کو ٹک ٹاک اور یوٹیوب سے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔ مزید یہ کہ کونٹینٹ (مواد) کے نئے خیالات فراہم کرکے میٹا تخلیق کاروں کو زیادہ باقاعدگی سے مواد شائع کرنے کی ترغیب دینا چاہتی ہے، جس سے صارفین کی مجموعی مصروفیت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
براہِ راست مصنوعی ذہانت معاون تک رسائی سے تخلیق کاروں کو مواد کے خیالات حاصل کرنے اور کارکردگی سمجھنے کے لیے چیٹ جی پی ٹی جیسے تھرڈ پارٹی ایپس کی ضرورت بھی کم ہو جائے گی۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ میٹا نے گزشتہ ہفتے فیس بک پر بھی تخلیق کاروں کے لیے اسی نوعیت کا ایک مصنوعی ذہانت پر مبنی معاون متعارف کرایا تھا۔ دوسری جانب یوٹیوب اور ٹک ٹاک بھی اپنے تخلیق کاروں کو خیالات اور رجحانات دریافت کرنے کے لیے مختلف مصنوعی ذہانت ٹولز فراہم کرتے ہیں۔ یوٹیوب سٹوڈیو میں ’انسپائریشن ٹیب‘ موجود ہے جبکہ ٹک ٹاک بھی تخلیق کاروں کو رجحانات تلاش کرنے اور نئے خیالات حاصل کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت معاون فراہم کرتی ہے۔

اب تخلیق کار اپنی ناظرین کی آبادیاتی تقسیم، عمر اور اس وقت کے بارے میں مزید تفصیلات دیکھ سکیں گے (فائل فوٹو: ایڈیٹس)

ایڈیٹس کا آئندہ کمپیوٹر ورژن تخلیق کاروں کو ایڈیٹنگ کے عمل پر زیادہ درست کنٹرول فراہم کرے گا اور بڑی سکرین پر کام کرنے کی سہولت دے گا، جو پیچیدہ اور پیشہ ورانہ نوعیت کی ایڈیٹنگ کے دوران خاص طور پر مفید ثابت ہو سکتی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ’صارفین موبائل اور کمپیوٹر ڈیوائسز کے درمیان اپنے کام کو بغیر کسی رکاوٹ کے ہم آہنگ رکھ سکیں گے۔‘
کمپیوٹر ورژن ایڈیٹس کو کیپ کَٹ کے ساتھ مقابلے میں مزید مضبوط بنائے گا، کیونکہ کیپ کٹ پہلے ہی کمپیوٹر ورژن فراہم کرتی ہے۔
متعارف کرائے جانے والے فیچرز میں ’بیٹا ٹیب‘ بھی شامل ہے، جس کے ذریعے تخلیق کار زیرِ ترقی تجرباتی فیچرز تک قبل از وقت رسائی حاصل کر سکیں گے اور ان کے بارے میں اپنی رائے میٹا تک پہنچا سکیں گے۔ اس اقدام سے ظاہر ہوتا ہے کہ کمپنی تخلیق کاروں کی ضروریات کے مطابق فیچرز کی تیاری کے عمل کو مزید تیز کرنا چاہتی ہے۔
میٹا نے ناظرین سے متعلق معلومات میں بھی نمایاں اضافہ کیا ہے۔ اب تخلیق کار اپنی ناظرین کی آبادیاتی تقسیم، عمر اور اس وقت کے بارے میں مزید تفصیلات دیکھ سکیں گے جب ان کے ناظرین سب سے زیادہ متحرک ہوتے ہیں۔ یہ نئے اعداد و شمار ایپ میں پہلے سے موجود تجزیاتی معلومات کے ساتھ شامل ہوں گے، جن میں یہ معلومات بھی دستیاب ہیں کہ ناظرین ویڈیو کتنی دیر تک دیکھتے ہیں، کسی مخصوص ویڈیو سے کتنے نئے پیروکار حاصل ہوئے، اور ویڈیو کے کس مقام پر ناظرین دیکھنا بند کر دیتے ہیں۔
مزید برآں، تخلیق کار اب ایپ کے انسپائریشن فیڈ میں مخصوص موضوعات تلاش کر سکیں گے تاکہ وہ کسی بھی ٹرینڈ یا آئیڈیا کے گرد بنائی جانے والی ویڈیوز اور ٹیمپلٹس کو دریافت کر سکیں۔

کمپیوٹر ورژن ایڈیٹس کو کیپ کَٹ کے ساتھ مقابلے میں مزید مضبوط بنائے گا (فائل فوٹو: نیوکینوس)

انہیں ایک ہی مواد کے متعدد ورژن تیار کرنے کی سہولت بھی دی جا رہی ہے تاکہ شائع کرنے سے پہلے یہ جانچا جا سکے کہ کون سا ورژن بہتر کارکردگی دکھا سکتا ہے۔
اگرچہ انسٹاگرام نے ایڈیٹس کے صارفین کی درست تعداد ظاہر نہیں کی، تاہم کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ایڈیٹس کے ذریعے تیار کردہ کونٹینٹ میں دیگر مواد کے مقابلے میں محفوظ کیے جانے کی شرح 10 فیصد زیادہ اور دوبارہ شیئر کیے جانے کی شرح دو فیصد زیادہ دیکھی گئی ہے۔ میٹا کے مطابق انسٹاگرام پر ریلز دیکھنے والے نصف سے زائد افراد روزانہ ایڈیٹس کے ذریعے تیار کیا گیا مواد دیکھتے ہیں۔
ایڈیٹس ایپ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے مفت دستیاب ہے۔ کمپنی کے مطابق اعلان کیا جانے والا مصنوعی ذہانت پر مبنی معاون فی الحال تخلیق کار تقریب کے شرکاء کے ساتھ آزمائشی مرحلے میں ہے، جبکہ ایڈیٹس کا کمپیوٹر ورژن جلد متعارف کرایا جائے گا۔ دیگر تمام نئے فیچرز آج سے تمام صارفین کے لیے جاری کیے جا رہے ہیں۔

شیئر: