Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کامیڈین افتخار ٹھاکر نے ’ذیابیطس کی اصل وجہ حسد کو قرار دے دیا‘

افتخار ٹھاکر نے پوڈ کاسٹ میں اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بھی کھل کر بات کی (فوٹو: سکرین شاٹ)
پاکستان کے مشہور کامیڈین افتخار ٹھاکر نے کہا ہے کہ دوسروں سے حسد انسان کو ذیابیطس کے مرض میں ڈالتا ہے۔
انہوں نے یوٹیوب کے مشہو پوڈ کاسٹ ’لنچ وِد لیلاز‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر تو کہتے ہیں کہ ٹینشن وغیرہ کی وجہ سے شوگر ہوتی ہے مگر اصل وجہ کچھ اور ہے۔
 ’میرا خیال ہے کہ جب لوگ کہتے ہیں کہ ان کی بیٹیوں نے انہیں بتایا ہے کہ انہیں ٹینشن کی وجہ سے شوگر ہو گئی ہے تو دراصل اس کی حقیقی وجہ حسد اور دوسروں سے جلن ہوتی ہے۔‘
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’کوئی شخص خوبصورت نظر آئے تو ہم اس کے لیے برا سوچنا شروع کر دیتے ہیں، اگر کوئی کامیاب ہو جائے تو ہم چاہتے ہیں کہ وہ ختم ہو جائے۔‘
افتخار ٹھاکر کے مطابق ’منفی جذبات سے مغلوب کیفتیں صحت کے سنگین مسائل پیدا کرنے کا باعث بن سکتی ہیں جن میں بلند فشار خون، دل کا دورہ اور برین ہیمبرج جیسے امراض بھی شامل ہیں۔‘
شوگر کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ جب انسان کا لبلبہ مناسب انسولین پیدا نہیں کرتا یا جسم مناسب طور پر اس کا استعمال نہیں کرتا تو شوگر کے مسائل پیدا ہوتے ہیں جبکہ روزمرہ کے معاملات بھی اس کو بڑھانے کا سبب بن سکتے ہیں۔

افتخار ٹھاکر کا کہنا تھا کہ وہ پولیس میں بھی بھرتی ہوئے تھے (فوٹو: سکرین شاٹ)

افتخار ٹھاکر نے اپنے والدین کا تذکرہ کرتے ہوئے جذباتی انداز میں کہا کہ وہ ان کی زندگی میں سب سے اہم شخصیات تھیں۔
’وہ میرے لیے راتوں کو جاگتے اور قربانیاں دیتے رہے، جب وہ نہیں رہے تو ایسا لگتا ہے کہ دنیا میں زیادہ لوگ ہیں ہی نہیں۔‘
انہوں نے اپنی فیملی کے حوالے سے بتایا کہ ان کی تین بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔
انہوں نے بچپن میں کافی مشکلات کا سامنا کیا اور نو افراد پر مشتمل کنبے کی کفالت میں مدد کے لیے رنگ و روغن اور بڑھئی کا کام بھی کیا۔

افتخار ٹھاکر بے شمار سٹیج ڈراموں اور متعدد انڈین پنجابی فلموں میں بھی کام کر چکے ہیں (فوٹو: سکرین شاٹ)

وہ کوسٹ گارڈز کے طور پر بھی کام کرتے رہے جبکہ پولیس سروس بھی جوائن کی تاہم بعدازاں چھوڑ دی دی۔
افتخار ٹھاکر نے پی ٹی وی کے ڈراموں کے ذریعے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا اور ان کے کامیڈی کرداروں کو خصوصی طور پر پسند کیا گیا جس کے بعد انہوں نے سٹیج کا رخ کیا اور بہت نام کمایا جبکہ آج کل وہ مختلف نیوز چینلز پر چلنے والے کامیڈی سٹیج پروگرامز میں بھی کام کر رہے ہیں جبکہ کئی پاکستانی فلموں میں کام کے علاوہ انڈیا کی متعدد پنجابی فلموں میں بھی اپنے فن کے جوہر دکھا چکے ہیں۔
 

 

شیئر: