Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور میں پیٹرول پمپ پر شادی کی تقریب، کہانی کیا ہے؟

یہ ویڈیو لاہور سے سامنی آئی جس میں دیکھا گیا کہ ایک پیٹرول پمپ پر شادی کی تقریب منعقد کی گئی۔ (فوٹو: ZJ فوٹوگرافی)
’پاکستان میں پیٹرول اتنا مہنگا ہے کہ میری اہلیہ نے کسی مہنگی جگہ پر ڈنر کی فرمائش کی تو میں انہیں پیٹرول پمپ پر لے گیا‘، یہ بات تو آپ نے سوشل میڈیا کی وائرل میمز میں کافی سن لی ہوگی۔
لیکن حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک شادی کی ویڈیو نظر سے گزری جس میں شادی کا ایک فنکشن ہی پیٹرول پمپ پر ہو رہا تھا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رات گئے ایک پیٹرول پمپ پر قوالی کی محفل جاری ہے، بظاہر یہ شادی کا فنکشن ہی معلوم ہوتا ہے، لوگ بھی سجے سنورے بیٹھے ہیں اور گائیکی سے محظوظ ہو رہے ہیں۔
ویڈیو جس اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی وہ لاہور کے ایک فوٹوگرافر ہیں جن کا برینڈ ZJ  فوٹوگرافی کے نام سے منسوب ہے۔
مذکورہ ویڈیو تو حیران کن تھی ہی مگر اس کے نیچے کیے جانے والے کمنٹس نے بھی مایوس نہیں کیا۔
کسی نے کہا کہ مہمانوں کے لیے پیٹرول کا انتظام کیا گیا تو کسی نے مشورہ دیا کہ وہیں سے پیسے لوٹو اور فوری طور پر پیٹرول بھروا لو۔
ایک صارف نے لکھا کہ یہ کسی ٹوئر پر نکلے ہوں گے اور راستے میں سوچا کہ شادی کر لیتے ہیں۔
کمنٹس میں ہونے والا تبصرہ اپنی جگہ، تجسس بڑھا تو ہم نے اس فوٹوگرافر سے رابطہ کیا اور جو انہوں نے بتایا وہ شاید کسی نے بھی نہیں سوچا تھا۔
فوٹوگرافر کا کہنا تھا کہ دراصل یہ ایک مہندی کا فنکشن تھا جو ایک گراؤنڈ میں کھلی فضا میں منعقد کیا جا رہا تھا، پھر ہوا کچھ یوں کہ تیز آندھی اور بارش نے شادی کا مزہ کرکرا کر دیا۔
مزید یہ بتایا گیا کہ جہاں شادی ہو رہی تھی اس کے پاس ہی دلہن کے خاندان کا ذاتی پیٹرول پمپ تھا، تو بس بارش سے بچنے کے لیے چند خاص اور قریبی مہمانوں کو اکٹھا کر کے مہندی کا فنکشن پیٹرول پمپ پر منتقل کر دیا گیا۔

شیئر: