Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا کے پہلے کھرب پتی ایلون مسک کیا صرف 400 مربع فٹ کے گھر میں رہتے ہیں؟

ایلون مسک دنیا کی دستیاب تاریخ میں کھرب پتی بننے والے پہلے انسان ہیں (فوٹو: بلومبرگ)
دنیا کے معروف بزنس ٹائیکون ایلون مسک نے ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے دنیا کے پہلے کھرب پتی (ٹریلینر) بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
یہ سنگ میل اس وقت سامنے آیا جب ان کی ملکیتی کمپنی ’سپیس ایکس‘ ایک پبلک کمپنی بن گئی اور اس کی سٹاک مارکیٹ میں غیر معمولی کارکردگی دیکھی گئی۔
رپورٹس کے مطابق ’سپیس ایکس‘ نے اپنی ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کے دوران 75 ارب ڈالر اکٹھے کیے۔ کمپنی نے پانچ سو 55 ملین سے زائد شیئرز ایک سو 35 ڈالر فی شیئر کے حساب سے فروخت کیے، جس کے بعد کمپنی کی مجموعی مالیت 1.77 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
اس کے بعد جب کمپنی کے شیئرز میں مزید تقریباً 20 فیصد اضافہ ہوا اور قیمت ایک سو 62 ڈالر فی شیئر تک گئی، تو ایلون مسک کی مجموعی دولت پہلی بار ایک کھرب ڈالر سے بھی تجاوز کر گئی، جس میں سپیس ایکس اور ٹیسلا دونوں میں ان کے حصص شامل تھے۔

حیران کن سادہ زندگی

اتنی بڑی دولت کے باوجود ایلون مسک کی نجی زندگی انتہائی سادہ ہے۔ کچھ رپورٹس میں دعوی کیا گیا ہے کہ وہ امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں ’سپیس ایکس‘ کے سٹار بیس کے قریب صرف 400 مربع فٹ کے ایک چھوٹے سے پریفابریکیٹڈ گھر میں رہتے ہیں۔
یہ گھر تقریبا 20 بائے 20 فٹ کا ہے اور اسے ہاؤسنگ سٹارٹ اپ ’بوکسابل‘ نے تیار کیا ہے۔ اس چھوٹے گھر میں ایک لِونگ ایریا، بیڈ روم، کچن اور باتھ ٹب والا باتھ روم موجود ہے۔
ایلون مسک نے سنہ 2021 میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا تھا کہ ان کا گھر تقریباً 50 ہزار ڈالر کا ہے جسے وہ سپیس ایکس سے کرائے پر لیتے ہیں۔ انہوں نے لکھا تھا کہ ’میرا اصل گھر واقعی تقریباً 50 ہزار ڈالر کا مکان ہے جو میں سپیس ایکس سے کرائے پر لیتا ہوں۔ یہ کافی اچھا ہے۔‘

ایلون مسک کی جائیدادیں اور دیگر اثاثے

اگرچہ ان کا مرکزی رہائشی گھر بہت چھوٹا ہے، لیکن رپورٹس کے مطابق ایلون مسک نے ٹیکساس منتقل ہونے کے بعد کیلیفورنیا میں اپنی زیادہ تر لگژری پراپرٹیز فروخت کر دی تھیں۔ تاہم ان کے پاس آسٹن کے علاقے میں تقریباً 35 ملین ڈالر مالیت کی چند جائیدادیں بھی ہیں۔
مزید رپورٹس کے مطابق ان کی کمپنیوں سے منسلک کچھ ادارے ویسٹ لیک ہلز ’ویسٹ لیک ہلز‘ کے پوش علاقے میں تین بڑے گھر بھی رکھتے ہیں، جن کا سائز چھ ہزار سے نو ہزار مربع فٹ کے درمیان ہے اور ان میں سوئمنگ پول سمیت تمام لگژری سہولیات موجود ہیں۔

کام کا جنون

ایلون مسک اپنی زندگی میں کام کو ترجیح دینے کے لیے مشہور ہیں۔ ان کی بائیوگرافی کے مطابق وہ اکثر اپنے کاروبار کے قریب رہنے کو ترجیح دیتے ہیں تاکہ فوری فیصلے کر سکیں۔ ’ٹیسلا‘ کے ماڈل تھری کی پیداوار کے بحران کے دوران وہ کئی راتیں فیکٹری میں بھی گزار چکے ہیں۔
مصنف والٹر آئزیکسن نے ان کے گھر کی ایک تصویر بھی بیان کی ہے جس میں انہیں ایک سادہ لکڑی کی میز پر بیٹھ کر فون کالز کرتے ہوئے دکھایا گیا، اور اس گھر کو ’سپارٹن دو بیڈ روم‘ کہا گیا ہے۔

والدہ کا تجربہ

ایلون مسک کی والدہ مایے مسک نے بھی اس گھر کا دورہ کیا اور اپنے تجربے میں بتایا کہ گھر میں بہت کم سہولیات ہیں۔
ان کے مطابق ’فریج میں کھانا نہیں تھا، میں جس گیراج میں سوئی وہ دائیں جانب تھا۔ شاور میں صرف ایک تولیہ تھا، میں نے وہ ایلون کے لیے چھوڑ دیا۔ میرے لیے یہ کوئی مسئلہ نہیں تھا کیونکہ بچپن میں میں کئی ہفتے صحرائے کالاہاری میں بغیر سہولیات کے گزار چکی ہوں۔‘

سوشل میڈیا ردِعمل

اس خبر پر سوشل میڈیا صارفین کی رائے منقسم رہی۔ کچھ صارفین نے کہا کہ ’ایلون مسک اپنی دولت کی نمائش نہیں کرتے اور ان کی توجہ صرف کام پر ہے۔‘
ایک صارف نے لکھا کہ وہ ایسے ارب پتی کو پسند کرتے ہیں جو سادہ زندگی گزارتا ہے۔
تاہم کچھ ناقدین نے اسے ایک ’امیج بنانے کی حکمت عملی‘ قرار دیا۔ ایک ریڈٹ صارف کے مطابق ایلون مسک قانونی طور پر اپنی ملکیت کمپنیوں کے ذریعے چھپا کر بھی دولت کو کنٹرول کر سکتے ہیں، اس لیے سادہ زندگی ہمیشہ مکمل حقیقت کی عکاسی نہیں کرتی۔

شیئر: